مری؛36 ویں انٹرنیشنل یوتھ فزکس ٹورنامنٹ کا انعقاد،گورنر پنجاب افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی

29

مری ،19 جولائی (اے پی پی): پاکستان میں پہلی مرتبہ کوہسار یونیورسٹی مری کے زیر اہتمام 36 ویں انٹرنیشنل یوتھ فزکس ٹورنامنٹ  کا انعقاد کیاجارہاہےجس میں دنیابھرسے17 ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

 فزکس ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کا انعقادپنجاب آرٹس کونسل مری میں کیا گیا تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب انجینئر بلیغ الرحمان تھے۔تقریب میں مختلف یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز سمیت غیر ملکی سفراءبھی شریک تھے۔انٹرنیشنل یوتھ فزکس ٹورنامنٹ میں 17 ممالک کی ٹیمیں اور 200 سے زائد طلباءو طالبات حصہ لے رہے ہیں۔

 مری میں سات روز تک جاری رہنے والے ورلڈ فزکس ٹورنامنٹ میں برازیل، بلغاریہ، کینیڈا، چین، کروفیا، جمہوریہ چیک، جارجیا، ہنگری، ایران،میکسیکو، پولینڈ، رومانیہ، تھائی لینڈ، یوکرین اور پاکستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔

 افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلیغ الرحمان نے کہا کہ کوہسار یونیورسٹی کے زیرانتظام ان مقابلوں میں حصہ لینے کیلئے دنیابھرسے مختلف طلبہ ملک کے خوبصورت تفریحی مقام مری پہنچے ہوئے ہیں جو مقابلوں میں حصہ لیں گے،ذہنوں کی لڑائی ہو گی نیا علم ہو گا ،دیکھنے والوں اور ٹیموں کیلئے سیکھنے کا موقع ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ فزکس یوتھ ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کاپاکستان کو پہلی بار موقع ملا ہے،پاکستان کی مثبت تصویر دکھانے کے لیے یہ ایک بڑی کاوش ہے۔