مری وگردونواح میں شدید بارش، ریسکیو1122 کی جانب سے لینڈ سلائیڈنگ کا ہائی الرٹ جاری

20

مری ،19 جولائی(اے پی پی): ملکہ کوہسار مری اور گردونواح میں شدید بارش سے لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں،شہری محتاط رہیں۔محکمہ موسمیات کی جانب سے بارشوں کی پیشنگوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے ریسکیو 1122 کی جانب سے شہری اور مقامی آبادی کے لیے ہائی الرٹ جاری کردیاگیا ہے۔

ریسکیو 1122 کی جانب سے ہدایات جاری کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ شہری بارش کے دوران پھسلنے اور بریک فیل ہونے سے بچنے کے لیے ڈرائیونگ احتیاط سے کریں،آسمانی بجلی یا طوفان کے آثار رونما ہوں تو گاڑی میں پناہ نہ لیں،برساتی ندی نالوں میں کوڑا کرکٹ مت پھینکیں اس سے طغیانی کا خطرہ بڑھ سکتا ہے،برساتی اور ندی نالوں اور نشیبی علاقوں میں رہائش کے لیے تعمیرات مت کریں،پرانے اور بوسیدہ مکانوں میں رہائش مت اختیار کریں،بارشوں کے پانی کے نکاس کے لیے مناسب انتظام لازمی ہے،نمی کی وجہ سے دھاتی چیزوں اور بجلی کے آلات میں کرنٹ آ سکتا ہے جس سے بچنے کے لیے احتیاط ضروری ہے،بجلی کے کھمبوں اور پائپوں سے دور رہیں اور کسی قسم کی دھاتی چیز ہاتھ میں نہ پکڑیں۔

لینڈ سلائیڈنگ کے دوران متاثرہ علاقوں میں عمارتوں اور بجلی کی تاروں سے دور رہیں،گیس،بجلی اور پانی کی سپلائی بند رکھیں کیونکہ ایسا نہ کرنے سے مزید نقصان اور امدادی کارروائیاں متاثر ہو سکتی ہیں،گاڑی احتیاط سے چلائیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں 1122 پر کال کریں۔