ملتان،22 جولائی(اے پی پی ): چیئرمین بورڈ حافظ محمد قاسم نے کہا ہے کہ معیار تعلیم کو بہتر کرنے کے لئے آ ئندہ سال 2024ء میں ہونے والے میٹرک و انٹر امتحانات سے گریڈنگ سسٹم لاگو ہوگا ، جس میں پاس مارکس 33 فیصد کی بجائے 40 فیصد ہونگے
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تعلیمی بورڈ ملتان میں نئے گریڈنگ سسٹم کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب میں کیا۔ چیئرمین بورڈ حافظ محمد قاسم نے کہا کہ نیو گریڈنگ سسٹم تمام بورڈز میں یکساں طور پر نافذ العمل ہوگا نیز ہائیر ایجوکیشن کے نظام امتحانات سے مطابقت رکھ کر تیار اور لاگو کیا جائیگا ۔
سیکرٹری بورڈ خرم شہزاد قریشی نے سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے گریڈنگ سسٹم کا مقصد رٹہ سسٹم ختم کر کے کوالٹی ایجوکیشن کو بہتر بنانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گریڈنگ سسٹم کا اقدام مارکنگ کا معیار بہتر بنانے اور طلباء کی حق تلفی کے خاتمے کیلئے اٹھایا گیا ہے ۔
کنٹرولر امتحانات حامد سعید بھٹی نے کہا کہ نیو گریڈنگ سسٹم سے مارکنگ کا نظام میں بہتری آ ئے گی،طلباء میں نمبروں کی دوڑ کا بھی خاتمہ ہوگا ۔
سیمینار کے شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے نیو گریڈنگ سسٹم کو طلباء کیلئے بہتر قرار دیا اور اس سلسلہ میں اپنی آراء پیش کیں،آخر میں چیئرمین بورڈ نے سیمینار میں شرکت پر تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔