ملتان، 18جولائی (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے جعلی اور زائد المیعاد ادویات کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے ڈرگ انسپکٹرزکی خصوصی انسپکشن ٹیم تشکیل دے دی ہیں، ڈرگ ٹاسک فورس جعلی ادویات و کھانسی شربت بنانے مافیا کے خلاف بھی ایکشن لے گی۔
ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر کی صدارت میں ڈرگ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں میڈیکل سٹورز اور ادویات ساز اداروں کے مختلف کیسز کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے قوانین کی خلاف ورزی پر 5 میڈکل سٹورز کے کیسز عدالت بھیج دیے۔
ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے بتایا کہ نشہ آور ادویات اور انجکشن فروخت کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ڈرگ انسپکٹر موثر چیکنگ کرکے میڈکل سٹورز پر کولڈ چین اور ریکارڈ مرتب کرائیں، ادویات ساز کمپنیوں کے لائسنس اور ڈسٹری بیوشن پلان بھی چیک کیا جائے گا۔