ملتان؛ محرم الحرام کے موقع پر مثالی امن و امان کا مظاہرہ کیا جارہا ہے،کمشنر

11

ملتان ، 21 جولائی  (اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن انجینئرعامر خٹک  نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر محرم الحرام کے موقع پر مثالی امن و امان کا مظاہرہ کیا جارہا ہے،ڈویژن بھر میں ماتمی جلوسوں اور مجالس کا سلسلہ پر امن انداز میں جاری ہے۔

ان خیالات کا اظہار کمشنر ملتان ڈویژن انجینئرعامر خٹک نے محرم الحرام کے سلسلے میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔  کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ 11 محرم تک کسی بھی جگہ لوڈشیڈنگ نہ کی جائے ،کم وولٹیج جیسے مسائل کا بھی سدباب کیا جائے،میپکو بے ہنگم لٹکتی تاروں کو ترتیب دے،حساس روٹس پر لائٹس نصب کی جائیں۔

 عامر خٹک نے کہا کہ عزاداروں اور لائسنس داروں کے تمام مطالبات اور مسائل حل کردیئے گئے ہیں۔سٹریٹ لائیٹس اور ٹف ٹائیل سمیت تمام انتظامات کئے جاچکے ہیں۔تمام مسالک کے علماءکرام بھائی چارے اور رواداری کا پیغام دے رہے ہیں۔ محرم الحرام میں شرپسندی و فرقہ واریت کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے ۔

کمشنر نے ہدایت جاری کیں کہ یوم عاشور کے جلوسوں میں تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں سرانجام کریں،حکومت پنجاب نے امن کیلئے ضلعی انتظامیہ کو مکمل اختیارات تفویض کیے ہیں۔

 اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نعمان افضل  نے بتایا کہ جلوسوں و مجالسِ  کی نگرانی اور اوقات کار کی پابندی یقینی بنائی جائے گی،امن وامان کی صورتحال کی مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے،کنٹرول روم سے 180 کلوز سرکٹ کیمرے منسلک کئے جا چکے ہیں جو کہ جلوسوں کی براہ راست نگرانی کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ امن کمیٹی کے اراکین ضلعی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔

اس موقع پر سی او میونسپل کارپوریشن چوہدری فرمائش نے بتایا کہ شہر بھر میں جلوسوں کے روٹس پر پیچ ورک کیا جارہا ہے۔میونسپل کارپوریشن کی 3 کروڑ 22 لاکھ کی 46 سکیموں پر کام جاری ہے جبکہ واٹر ورکس روڈ کی تعمیر و بحالی کیلئے 5 کروڑ 17 لاکھ 50 ہزار روپے کی46 سکیموں پر کام جاری ہے، بارش کی وجہ سے اسفالٹ میں دشواری کا سامنا تھا مگر موسم بہتر ہوتے ہی کام دوبارہ شروع کیا جاچکا ہے۔8 محرم الحرام کی رات مختلف روٹس پر عزاداروں کیلئے سڑک پر ریت بھی ڈالی جائے گی۔

سی او ضلع کونسل نے بتایا کہ ضلع کونسل کی 2 کروڑ 84 لاکھ کی 32 سکیموں پر کام جاری ہے۔ایم ڈی اے افسران نے بتایا کہ ترقیاتی ادارے کے زیر انتظام سڑکوں پر کمشنر کی ہدایت اور عزاداروں کی سہولت کیلئے تعمیر و مرمت کا کام شروع کیا جا چکا ہے جو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

 مینجر آپریشنز ویسٹ مینجمنٹ کمپنی انوار الحق نے بتایا کہ تمام افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر کے ڈیوٹی لگا دی گئیں ہیں، لائسنسداران اور منتظمین جلوس سے بھے میٹنگز کی جا چکی ہے۔ایم ڈی واسا چوہدری دانش نے بتایا کہ تمام سکرز مشین آن روڈ ہیں،گٹروں کے ڈھکن تبدیل کرکے مرمت کئے جاچکے ہیں۔

 سی او ہیلتھ اتھارٹی ملتان  نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملتان میں جلوسوں کے روٹس پر  میڈیکل کیمپس لگائے جائیں ہیں۔ ہسپتالوں میں میڈیکل و پیرامیڈیکل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر کے ایمرجنسی بستر مختص کر دیے گئے ہیں۔

سول ڈیفنس افسر فہیم نے بتایا کہ ضلع بھر میں 400 رضاکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے،7واک تھرو گیٹس لگائے جائیں گے جن کی تعداد حسب ضرورت بڑھائی جاسکتی ہے جبکہ بمب ڈسپوزل آلات بھی فنکشنل ہیں۔

ایمرجنسی 1122 کے افیسر نے بتایا کہ 590سٹاف افسران و ملازمین، ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔32ایمبولینس،80موٹر سائیکل ایمبولینس، 5 فائر وہیکل، 5 ریسکیو وہیکل آن روڈ ہوں گی جبکہ تمام اہم روٹس پر ریسکیو کے کیمپس موجود ہوں گے۔

 اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر سرفراز احمد، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ روبینہ کوثر،اسسٹنٹ کمشنر سٹی سیمل مشتاق اور مختلف محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے۔