ملتان؛ ہیپاٹائٹس متعلق  آگاہی کیلئے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں واک اور سیمینار کا انعقاد

25

ملتان ،31 جولائی(اے پی پی): ہیپاٹائٹس جیسے موذی مرض سے آگاہی کے حوالے سے شعبہ امراض معدہ و جگر نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ واک کی قیادت وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے کی ہے۔

واک کا آغاز ہیپاٹائٹس کلینک نشتر ہسپتال سے ہوا جو کہ حیات ظفر آڈیٹوریم کے قریب جا کر اختتام پذیر ہوا۔واک کے شرکاء  نے ہاتھوں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پرہیپاٹائٹس سے بچاو سے متعلق تدابیر درج تھیں۔ سیمینار میں طبی ماہرین نے غیرمحفوظ انتقال خون، ایک ہی سرنج کے بارباراستعمال، غیر سٹریلائزڈ آلات جراحی اور غیر محفوظ جنسی تعلقات کو اس مرض میں اضافے کی بڑی وجہ قرار دیا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے ہیپاٹائٹس کی روک تھام کیلئے صفائی کے اصولوں کو سختی سے اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہیپاٹائٹس لاعلاج مرض نہیں لیکن مرض کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں کسی مستند ڈاکٹر سے علاج کرانا بہت ضروری ہے۔

وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف اور پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راؤ نے واک اور سیمینار کے انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مستقل بنیادوں پر ایسے آگاہی پروگرامز کے انعقاد اور ایک مربوط سکریننگ پروگرام کی ضرورت پر زور دیا ۔

 اس موقع پر انہوں نے عوام میں شعور اجاگر کرنے میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے کردار کو بھی سراہا۔

واک میں پرو وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی ، پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راؤ سمیت انچارج شعبہ گیسٹرو اینٹرالوجی اور اس شعبے سے وابستہ دیگر کنسلٹنٹس، سینئر ڈاکٹرز اور نرسنگ سٹاف کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔