ملتان؛ 5 غیر قانونی ہاوسنگ سکیموں کے آفس سیل، روڈ نیٹ ورک و سیوریج توڑ دی گئی

20

ملتان، 18 جولائی (اے پی پی ): ایم ڈی اے انفورسمنٹ اور اربن پلاننگ ڈائریکٹوریٹ نے غیر قانونی ہاوسنگ سکیموں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 5 غیر قانونی ہاوسنگ سکیموں کے آفس سیل اور روڈ نیٹ ورک و سیوریج توڑ دی  ہے ۔

انفورسمنٹ ٹیم نے سدرن بائی پاس روڈ پر واقع گلبرگ ایگزیکٹو ہاوسنگ سکیم کے موقع پر موجود 4  آفس سیل کر دیے۔ایم اے جناح روڈ بودلہ ٹاؤن سے ملحقہ کریم ٹاون میں عوامی فلاحی پلاٹ پر نا جائز قبضہ کرنے پر ملک طاہر کی غیر قانونی تعمیرات مسمار کر کے قبضہ واگزار کرا لیا ۔ایم اے جناح روڈ پر واقع اعجاز جوئیہ اور باقر خان کی بے نامی کالونی کا روڈ نیٹ ورک اور سیوریج سسٹم ناکارہ کر دیا ۔

نادرن بائی پاس روڈ پر مجاھد گرین ویلی ہاؤسنگ  سکیم کا انٹری گیٹ،موقع پر موجود آفس اورکلمہ چوک پر موجود خریدوفروخت کے لئے استعمال ہونے والے دفتر کو بھی سیل کر دیا گیا۔ شالیمار کالونی سے ملحقہ دانیال اور لطیف الرحمٰن کی بغیر نام کے ہاؤسنگ سکیم کا روڈ نیٹ ورک اور سیوریج سسٹم ناکارہ بنا دیا گیا جبکہ ماڈل ٹاؤن ٹی چوک اور نادرن بائی پاس  روڈماڈل ٹاؤن چوک کے اطراف تجاوزات کلیئر کرا کے سامان قبضہ میں لے لیا ۔