میرپور خاص؛محرم الحرام میں، فول پروف سیکیورٹی کے حوالے سے اجلاس، انتظامات کا جائزہ لیا گیا

45

میرپورخاص،11 جولائی(اے پی پی): ڈپٹی انسپکٹر جرنل آف پولیس  میرپورخاص رینج  ذوالفقار علی مہر کی زیر صدارت محرم الحرام میں، فول پروف سیکیورٹی کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔اجلاس  میں رینج کے تینوں اضلاع سے، مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماءِ کرام ، امن کمیٹی کے ممبران ، امام بارگاہوں کے منتظمین، مجالس و جلوسوں کے پرمٹ ہولڈرز  نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈی آئی جی میرپورخاص نے  اجلاس  میں شرکت کرنے والے علماءِ کرام ، امن کمیٹی کے ممبران اور منتظمین جلوس و مجالس سے محرم الحرام کے دوران منعقد ہونے والی مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی و دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ تمام شرکاء سے فرداً فرداً سیکیورٹی انتظامات، ممکنہ خطرات اور مجالس و جلوس کے شیڈول پر تفصیلی گفتگو کی۔

ڈی آئی جی نے تمام شرکاء کو سیکیورٹی کے حوالے سے فول پروف اقدامات کرنے اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔انہوں نے کہا کہ، محرم الحرام کی فول پروف سیکیورٹی کے لئے پلان کو حتمی شکل دی جا چکی ہے ، جلوسوں کی گزرگاہوں پر خصوصی اقدامات کئے جائیں گے، مجالس اور جلوسوں سے قبل امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس کی بم ڈسپوزل سوئیپنگ کی جائے گی، خواتین کی مجالس پر لیڈیز پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔

ڈی آئی جی ذوالفقار علی مہر نے کہا کہ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر نیشنل ایکشن پلان پر بھی سختی سے عمل کیا جائے گا، پابندی عائد ذاکرین کو مجالس میں بیان کرنے کی اجازت ہرگز نہیں ہوگی۔انہوں نے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ہدایت جاری کیں کہ منتظمین اور پرمٹ ہولڈرز سے رابطے میں رہیں اور اطراف کے علاقوں میں بالباس سادہ پولیس اہلکار تعینات کریں، جو مجلس اور جلوس کے اردگرد کے علاقوں میں ایسے شرپسند عناصر پر نظر رکھیں، جو انتشار پھیلانے کا باعث ہوں۔

آخر میں ملکِ پاکستان کے امن سلامتی اور ترقی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔