نوشہرہ ورکاں؛محرم الحرام کے دوران جلوس و مجالس کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

21

 

 نوشہرہ ورکاں ،10جولائی ( اے پی پی):  نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے حکم پر محرم الحرام کے دوران جلوس اور مجالس کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر کی زیر صدارت اجلاس پیر کو یہاں   میونسپل کمیٹی آفس میں منعقدہواجس میں ممبران امن کمیٹی، ممبران کمیٹی مختلف مسالک کے علمائے کرام اور لائسنس دار جلوس و مجالس نے شرکت کی۔

 اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں محمد نوید حیدر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے محرم الحرام کے دوران انتظامات کے حوالے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ماہ محرم الحرام کے دوران سرکل بھر میں کل 28 چھوٹے بڑے جلوس اور 85مجالس منعقد ہوں گی ۔

 اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ مجالس اور جلوس کے روٹس، وقت اور ایس او پیز کی پابندی کی جائے گی، جلوس اور مجالس میں شرکاءکو چیکنگ کے بعد داخل ہونے دیا جائے گا، محرم الحرام میں آپ کا کردار انتہائی کلیدی ہے اور ماضی کی طرح اس بار بھی امن و امان قائم کرنا اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران گوجرانوالہ پولیس کی طرف سے فول پروف سکیورٹی ہو گی ۔

شرکاء نے محرم الحرام کے موقع پر اپنے کردار کو بھرپور طریقہ سے ادا کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔ مسلک دیو بند سے مولانا قاری عمران صدیقی نے بھاکھرانوالی میں گزشتہ سال دوران زنجیر زنی ہونے والے واقعہ کو نظر میں رکھتے ہوئے توجہ بھی دلائی اور نفرت آمیز واقعات کی روک تھام کے لیے کہا۔

میونسپل ہال میں منعقدہ میٹنگ میں چیف آفیسر سدرا ڈار،اے ڈی ایل جی عنصر جمیل،ڈی ڈی اوہیلتھ ڈاکٹر محمد ادریس،صدر جنرل انجمن تاجران شیخ عبد الستار،واپڈا، ٹیلیفون،ریسکیو1122.،شہری دفاع،سوئی گیس، مقامی لائسنسدار عمران علی سبزواری اور دیگر دیہاتوں سے لائسنس داران اور معززین و امن کمیٹی ممبران نے شرکت کی ۔

اس دوران باور کرایا گیا کہ یکم محرم تا دس محرم الحرام تک تمام اداروں میں چھٹیاں منسوخ ہونگیں اور محرم ڈیوٹی سے غیر حاضر ملازمین کے خلاف سخت ایکشن ہو گا ۔