نوشہرہ ورکاں،09جولائی(اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر نے کہا ہے کہ مریضوں کوصحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدام کئے جارہے ہیں تاکہ مریضوں کا علاج معالجہ بلا تفریق کیا جاسکے، ڈاکٹر مریضوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں کیونکہ ڈاکٹر کے خوش اخلاقی سے مریض کا چیک اپ کرنے سے مریض کاآدھا مرض ویسے ہی ٹھیک ہو جاتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال نوشہرہ ورکاں کے دورہ کے دوران کیا۔ انہوں نے ایمرجنسی، آؤٹ ڈور،ان ڈور وارڈ ایکسرے سمیت دیگر شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔مریضوں کو دی جانے والی سہولتوں کو چیک کیا اور مریضوں سے علاج معالجہ، ادویات و دیگر سہولیات بارے معلوم کیا۔
انہوں نے ڈپٹی ایم ایس کو ہدایت کی کہ ہسپتال کے تمام شعبوں میں بلا تفریق مریضوں کا چیک اپ کیا جائے اور ہسپتال میں سہولیات کی فراہمی بلا تعطل اور مفت فراہمی اور ڈاکٹرز و عملہ کی چوبیس گھنٹے دستیابی یقینی بنائی جائے۔