نوشہرہ ورکاں، 22 جولائی(اےپی پی): یونان کشتی حادثہ میں لاپتہ اور جاں بحق ہونے والے سینکڑوں نوجوانوں میں سے 22 کا تعلق تحصیل نوشہرہ ورکاں سے تھا جس میں سے کڑیال کلاں کے متعدد نوجوان اپنے پیاروں سے آن ملے ہیں جبکہ کڑیال کلاں کے ہی ایک نوجوان محمد ابو بکر عارف اور موضع نتھو سیویا کے رہائشی ارسلان کی میتیں انکے آبائی گاؤں پہنچنے کے بعد آہوں اور سسکیوں بھرے ماحول میں سپرد خاک کر دی گئی ہیں۔
یونان کشتی حادثہ میں جاں بحق ہونے والے دونوں نوجوانوں کی میتیں انکے آبائی دیہات میں پہنچیں تو پورے گاؤں کے مرد خواتین کا بڑا ہجوم انہیں ایک نظر دیکھنے کے لیے موجد دکھائی دیا اور اس کرب ناک حادثہ پر مجمع میں موجود ہر آنکھ اشکبار تھی اور شرکاء غمزدہ خاندان کے افراد سے تعزیت اور دلاسہ دیتے دکھائی دیے۔