لاہور، 14جولائی(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مزار بی بی پاکدامن کا دورہ کیا ہے اورتزئین و آرائش اور توسیعی منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔انہوں نے مزار بی بی پاکدامن کو کشادہ کرنے کیلئے تعمیراتی سرگرمیوں کامعائنہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تزئین و آرائش اورتوسیعی منصوبے پرکام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے 5روز کے اندر کام کو مکمل کرنے کا ٹاسک دیا اور مرکزی مزار کے احاطے کی تزئین و آرائش کو بھی جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ مزار بی بی پاکدامن کی تزئین و آرائش اورتوسیعی منصوبہ یکم محرم سے قبل مکمل ہوجائے گا،مزار کی توسیع سے زائرین کیلئے اضافی سہولتیں میسر ہوں گی،مزار پر آنے والا راستہ کشادہ ہونے سے بھی زائرین کو آسانی ہوگی،اراضی مالکان کو پورا معاوضہ دیا جائے گا۔
محسن نقوی نے کمشنر لاہورڈویژن کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضے کی ادائیگیوں کی ہدایت کی۔انہوں نے مزار پر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی۔
بعدازاں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پوری کوشش ہے کہ بی بی پاکدامن کے مزار کو یکم محرم تک زائرین کیلئے کھول دیا جائے، مزار کی تزئین و آرائش اورتوسیعی منصوبے پر دن ر ات کام ہورہا ہے اور200سے زائد ورکرز کام کررہے ہیں، معروف آرکیٹیکٹ نیر علی دادا اوران کی ٹیم بھی یہاں موجود ہے۔
سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے مزار بی بی پاکدامن کے توسیعی منصوبے پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔صوبائی وزراء عامر میر،اظفر علی ناصر،معروف آرکیٹیکٹ نیر علی دادا،سیکرٹریزتعمیرات و مواصلات،سی سی پی او لاہور،کمشنر لاہورڈویژن،ڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔











