کراچی،30 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم کے لیے 5 نام فائنل کر لیے گئے ہیں ،9 اگست کو اسمبلیاں تحلیل ہو جائیں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کینجھر جھیل پر گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی اسکیم کے-فور منصوبے کی سائٹ کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس منصوبے کو 2024 یا 2025 کے آغاز میں مکمل کرنے کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی نیت اس منصوبے کو مکمل کرنا ہے چاہئے دو ماہ پہلے مکمل ہوں یا دو ماہ بعد۔انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کی ڈیزائننگ کے ذمہ داروں اور پہلے پراجیکٹ کی ناکامی کا سبب بننے والوں کے بارے میں تحقیقات کرائی جائیں۔
وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ کا مزید کہنا تھا کہ تاخیر ایک بڑا سانحہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے منصوبے کی ناکامی کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبے کی ڈیزائننگ کو حتمی شکل دی گئی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کے-فور منصوبے کا پانی پریشر پمپ کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔
کے-فور منصوبے کے پانی کی فراہمی کے لیے انفراسٹرکچر کی عدم دستیابی پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر سندھ حکومت سے بات چیت جاری ہے اور انہیں امید ہے کہ صوبائی حکومت اس معاملے پر فوری غور کرے گی۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کے لیے فنڈز فراہم کیے جا رہے ہیں۔
اضافی پانی سے متعلق ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کے بی فیڈر منصوبہ اسی سال شروع کیا جائے گا، یہ وفاقی اور سندھ حکومتوں کے 50 فیصد حصہ پر مبنی ہوگا۔