لاہور،31 جولائی ( اے پی پی ): وزیر اعظم کے کوارڈینیٹر خواجہ احمد حسان نے کہا ہے کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کا ر لا رہی ہے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہیں،مشکلات کے باوجود ملک بھر میں ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھائے،مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں جیت کر حکومت بنائے گی۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاں ایوان اقبال میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایل ڈی اے، ایم سی ایل، واسا ،پی ایچ اے کے زیر انتظام جاری اور آئندہ مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعظم کے کوآرڈینٹر خواجہ احمد حسان کو منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعظم کے کوارڈینیٹر خواجہ احمد حسان نے ترقیاتی منصوبوں کو جلد ازمکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوامی مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔انہوں نے کہاکہ شہر کی مرکزی شاہراہوں پرسٹریٹس لائٹ کو مسلسل روشن رکھا جائے اور مینٹنیس کا کام مکمل کیا جائے۔انہوں نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ افسران عوامی نمائندوں سے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے قریبی رابطہ رکھیں۔
خواجہ احمد حسان نے کہا کہ محکمہ پی ایچ اے نے مختلف علاقوں میں شہر کو خوبصورت بنانے کے بہتراقدامات کئے ہیں جو قابل ستائش ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کا ر لا رہی ہے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہیں،مشکل حالات کے باوجود ملک بھر میں ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھائے،مسلم لیگ (ن) اگلے انتخابات میں جیت کر حکومت بنائے گی۔
بعد ازاں وزیر اعظم کے کوآرڈینٹر نے عوامی نمائندگان کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے فوری احکامات جاری کئے۔
اجلاس میں سابق ممبران اسمبلی مہر اشتیاق احمد، رمضان صدیق بھٹی ،سید توصیف شاہ چوہدری، شہبا احمد، رابعہ فاروقی، چوہدری باقر حسین ،رانا احسن شرافت، میاں محمد طارق’چیف انجینئر اسرار سعید ڈائریکٹر ہارون سیفی’چیف آفیسر ایم سی ایل میاں ثاقب محمود ‘ڈائریکٹر پی ایچ اے جلیل احمد’شاہ نواز وٹو’ڈپٹی ڈائریکٹر فرحان رشید اور ڈائریکٹر واسا راحیل اشرف سمیت دیگر بھی موجود تھے۔