لاہور۔ 17 جولائی (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے پیر کے روز یہاں گورنر ہائوس لاہور میں پولیو اوور سائیٹ بورڈ کے وفد نے سربراہ ڈاکٹر کرسٹوفر ایلس کی قیادت میں ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران سیکرٹری ہیلتھ پنجاب علی جان، یونیسف اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندگان بھی موجود تھے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پاکستان ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی اور محکمہ صحت کی ٹیم کی پولیو کے خاتمے کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے فرنٹ لائن پر کام کرنے والے پولیو ورکرز جن میں بڑی تعداد میں خواتین شامل ہیں انسداد پولیو کے لیے قابل ستائش خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے مدد دینے پر گیٹس فانڈیشن ، یونیسیف، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور روٹری انٹرنیشنل سمیت تمام گلوبل پارٹنرز کے مشکور ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہماری نئی نسل کو صحت مند اور محفوظ مستقبل دینے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پولیو کے عفریت کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامت کو یقینی بنارہی ہے۔ گورنر پنجاب نے مزیدکہا کہ2018کے بعد لاٹ سیمپلنگ رزلٹ میں خرابی باعث تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ پرعزم حکومت قابل ٹیم کے ساتھ ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے بہتری کے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پولیو اوور سائیٹ بورڈ ڈاکٹر کرسٹوفر ایلس نے کہا کہ حکومت پنجاب کا پولیو کے خاتمے کا عزم اور اس کے لیے کوششیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس سے بچائو کیلئے مربوط کوششیں ملک سے پولیو وائرس کے مکمل خاتمے تک جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔