پاراچنار،23جولائی (اے پی پی ):مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے زیر اہتمام ” قیام امام حسینؑ اور ہماری ذمہ داریاں ” کے عنوان سے پریس کلب پاراچنار میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔
سیمینار میں آغا تجمل حسین ، اسسٹنٹ کمشنر پاراچنار حفیظ اللہ ، علامہ نور اکبر ، پروفیسر جمیل کاظمی ، آغا شفیق مطہری اور آغا مزمل حسین فصیح نے قیام امام حسینؑ پر مفصل روشنی ڈالی اور کہا کہ قیام امام حسینؑ ہر پہلو سے عالم بشریت کیلئے مشعل راہ ہے، امام عالی مقام نے کربلا میں فاسق و فاجر نظام کے خلاف قیام کرکے انسانیت کو درس حریت سے آشنا کیا ۔
مقررین نے کہا کہ قیام امام حسینؑ سے آگاہی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، اہل منبر کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ نوجوان نسل کو درس کربلا سے روشناس کرانے کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔
سیمینار کے اختتام پر علامہ نور اکبر اور علامہ مزمل حسین فصیح نے مصائب پڑھے اور منتظمین کی جانب سے شرکائے سیمینار پر نیاز بھی تقسیم کی گئی۔