اسلام آباد،31جولائی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان بے شمارمعدنیات سے مالامال ہے اور پاکستان میں معدنیاتی مٹی کی قیمت 6.1ٹریلین ڈالر ہے۔
پیر کو یہاں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان مایوس نہ ہوں ،ملک کا مستقبل تابناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ معدنیات کی مائننگ سے سب سے زیادہ فائدہ غریب عوام کو ہوگا اور معدنیات کے انقلاب سے ملک میں روزگارکے بے شمار مواقع پیداہوں گے۔
وزیرمملکت نے کہا کہ گوادرمیں انڈسٹریل زون بنائیں گے، معدنیاتی انقلاب سے ملکی برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں معدنیات سے متعلق انڈسٹری لگائیں گے اور خام معدنیات سے دھاتوں کو نکالنے کے کام کا آغازکیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ معدنیات کی کھدائی کے حوالے سےنئی قانون سازی کی جائے گی اور انسانی اورماحولیاتی تحفظ کیلئےواضح منصوبہ بندی ہوگی۔
وزیر مملکت برائے پٹرولیم نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاروں کو ملک میں خوش آمدید کہیں گے اور سرمایہ کاروں کیلئے ون ونڈوآپریشن عمل میں لایاجائےگا اور اس سلسلے میں سکیورٹی کےحوالے سے بہترین انتظامات کیے جائیں گے۔