پشاور،21 جولائی(اے پی پی):محرم الحرام کے حوالے سے شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ، امام بارگاہوں کے ساتھ ساتھ تمام ماتمی جلوسوں کے لیے فول پروف سکیورٹی اقدامات مکمل کر دیئے گئے ہیں ۔
اس حوالے سے ایس ایس پی آپریشنز ہارون الرشید خان نے کہا کہ پشاور شہر و مضافات میں داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کے ساتھ ساتھ پولیس گشت میں اضافہ اور قبائلی علاقوں سے متصل بارڈر ایریاز میں اضافی ناکہ بندیا ں قائم کر دی گئِی ہیں، تمام ایس پیز اپنے اپنے ڈویژنز میں سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں، اندرون شہر ماتمی جلوسوں کے لیے سکیورٹی پلان کے مطابق تھری لیئر سکیورٹی انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔ امام بارگاہوں کے ساتھ ساتھ تمام ماتمی جلوسوں کے لیے فول پروف اضافی سکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں، اس دوران تمام اہم تقاریب ، روٹس سمیت مجالس عزاداری، امام بارگاہوں کی بم ڈسپوزل یونٹ اور سنیفر ڈاگز کے ذریعے سویپنگ کی جائے گی جبکہ جلوسوں ، امام بارگاہوں و دیگر مذہبی عبادت گاہوں اور حساس مقامات کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز ہارون الرشید خان نے کہا کہ امن وامان کے قیام کی خاطر انٹیلی جنس بیسڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنزکا سلسلہ مزید تیز کردیا گیا ہے اور ساتھ ہی شہر کی سکیورٹی فول پروف بنانے کے لیے بکتر بند گاڑیوں کی موجود گی، آر آر ایف، اے ٹی ایس،کیو آر ایف، لیڈیز پولیس، بی ڈی یو، ابابیل سکواڈ اور سٹی پٹرولنگ فورس کے جوان اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز ہارون الرشید خان نے ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈیوٹی کے دوران پولیس افسران و اہلکار بلٹ پروف جیکٹ و ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں، اس دوران شہریوں سے بھی گزارش ہے کہ وہ فرائض کی انجام دہی کے دوران پولیس اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں۔