پشاور؛کیپٹل سٹی پولیس نے محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے ، ایس ایس پی آپریشنز

34

 

پشاور، 18جولائی(اے پی پی): ایس ایس پی آپریشنز پشاور ہارون الرشید خان نے کہا ہے کہ سٹی پولیس پشاور نے محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے اور اس سلسلے میں سکیورٹی پلان کے مطابق پشاور میں 13500 پولیس افسران و اہلکار ان محرم کے دوران سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار ایس ایس پی سٹی ہارون الرشید نے پولیس لائنز پشاور میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی بارے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ تمام اہم تقاریب کو تین تہی سکیورٹی فراہم کرنے کیساتھ ساتھ تمام روٹس سمیت مجالس عزاداری، امام بارگاہوں کی بم ڈسپوزل یونٹ اور جاسوسی کتوں کے ذریعے سوئپنگ کی جائے گی، حساس امام بارگاہوں کیساتھ ساتھ حساس تمام ماتمی جلوسوں کیلئے فول پروف اضافی سکیورٹی اقدامات کئے گئے ہیں۔

ایس ایس پی آپریشنز پشاور ہارون الرشید خان نے کہا کہ جلوسوں ، امام بارگاہوں ، دیگر مذہبی عبادت گاہوں اور حساس مقامات سمیت شہر بھر کی مانیٹرنگ کے لئے جدید سہولیات سے آراستہ خصوصی کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں جہاں سے 200 سی سی ٹی کیمروں کے ذریعے تمام حساس مقامات کی نگرانی کی جائے گی۔انہوں نے کہا  کہ  محرم الحرام کے دوران امن وامان کی قیام کو یقینی بنانے کی خاطر تمام مسالک سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام ،تاجر رہنماوں ،ضلعی انتظامیہ، کیپٹل میٹرو پولیٹن اور دیگر اداروں کے حکام کے ساتھ خصوصی میٹنگز کی گئی ہیں۔

ہارون الرشید خان نے کہا کہ سماج دشمن سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کرنے کیساتھ ساتھ شہر میں واقع سرائوں  ، گیسٹ ہاؤسوں اور ہوٹلوں میں قیام پذیر افرادکا ڈیٹا چیک کرکے ان کی بھی کڑی نگرانی کاعمل جاری ہے۔ محرم کے دوران شہر کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے بکتر بند گاڑیاں بھی حساس مقامات پر موجود رہیں گی جبکہ آر آر ایف، اے ٹی ایس،کیو آر ایف، لیڈیز پولیس، بی ڈی یو، ابابیل سکواڈ، سٹی پٹرولنگ فورس کے جوانوں کے ساتھ ساتھ ڈی ایس بی کے جوان بھی سکیورٹی کو موثر بنانے کے لئے اپنے فرائض سر انجام دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں اور اہم مقامات پر سپیشل ناکہ بندیاں لگا کر چیکنگ مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ شہر میں داخل ہونے والے تمام مشتبہ افرادکی کڑی نگرانی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے ساتھ ہی افغان مہاجرین کے شہر میں داخلہ پر بھی پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز ہارون الرشید خان نے کہا کہ کمانڈ پوسٹ میں ریزرو پولیس، بی ڈی یو، لیڈیز پولیس، ڈی ایس بی، ایمبولینس، ریسکیو 1122،فائر بریگیڈ،واپڈا،نادرن سوئی گیس، ضلعی انتظامیہ ، کیپٹل میٹرو پولیٹن کے اہلکار اوردیگر اداروں سے تعلق رکھنے والے افسران و اہلکاران ہمہ وقت موجود رہیں گے جبکہ آخری ایام میں شہر کو سیل کرنے کیساتھ ساتھ 9 اور 10 محرم کو موبائل سروس بھی بند رہے گی۔