ڈیرہ غازی خان،20 جولائی (اے پی پی):پنجاب فوڈاتھارٹی نے کارروائی کے دوران 600 لیٹر ملاوٹی دودھ برآمد کر کے تلف کر دیا ہے ۔
ترجمان فوڈاتھارٹی کے مطابق ملاوٹ مافیا کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن جاری ہے اور فوڈ ڈیری سیفٹی ٹیم نے کھیڑا فارم انڈس ہائی وے پر دودھ سے بھری گاڑی پکڑ لی۔ٹیسٹ کے دوران دودھ میں پانی،یوریا اور فارمالین کی ملاوٹ پائی گئی اور ٹیسٹ جدید لیکٹوسکین مشین کے ذریعے دودھ کے معیار کو چیک کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ملاوٹ ثابت ہونے پر سینکڑوں لٹر دودھ تلف کر کے مالکان کو جرمانہ عائد کر دیا گیا۔انہوں کہا کہ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حکم پر ملاوٹی دودھ کی ترسیل روکنے کےلیے شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کی جارہی ہےاور عوام کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کو کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔