ڈیرہ غازی خان،24جولائی(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈی جی خان شاہد زمان لک نے ضلعی کنٹرول روم برائے فلڈ کا دورہ کیا۔انہوں نے کنٹرول روم میں بارشوں اور سیلاب کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا اور سٹاف کو بہترین مانیٹرنگ بارے ہدایات بھی دیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ ڈیجیٹل سسٹم کی بدولت کسی بھی ہنگامی صورتحال کی موقع پر تازہ ترین معلومات کو شیئر کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی کنٹرول روم برائے فلڈ جدید ترین ڈیجیٹل سسٹم سے منسلک ہے جس کی وجہ سے ہم موقع کی مناسبت سے ایک جگہ سے ہی ہدایات کے ساتھ اقدامات کو بھی یقینی بنا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کنٹرول روم کے ورکرز حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دیں۔
اس موقع پر کنٹرول روم میں موجود سٹاف نے انہیں جدید ڈیجیٹل سسٹم سے لنک تازہ ترین سیلاب کی صورتحال سے آگاہ بھی کیا۔