ڈی جی خان،15 جولائی (اے پی پی): ڈیرہ غازیخان میں محرم الحرام کے دوران مثالی انتظامات یقینی بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن افضل کے ہمراہ محرم روٹس کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے میونسپل سروس ڈیلیوری،سکیورٹی سمیت دیگرسہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے شہر کے مختلف علاقوں غازی پارک،بہارکالونی،یاعلی مدد ٹینکی،کمہارانوالہ چوک،مرکزی قدیمی امام بارگاہ حیدریہ،بلاک45،44،39 کے روٹس پر دیگر اقدامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب محسن کی ہدایت پرضلع بھر کے محرم روٹس کا دورہ کر رہے ہیں اور جلوس کے راستوں پر پیچ ورک جلد مکمل کرنے کے ساتھ سیوریج گٹروں پر ڈھکن،نالوں پر سلیب رکھی جائیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ محرم الحرام کے شرکاء کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریگی اور لائٹنگ،تجاوزات کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔
ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ جلوس کے شرکاء کی سہولت کیلئے متعلقہ محکموں کا سٹاف ہمہ وقت حاضر ہے اور عاشورہ کے موقع پر جلوسوں کی ٹائمنگ کو یقینی بنایا جائے گا،ممبران امن کمیٹی کی تجاویز پر عمل کیا اور ایشوز کو حل کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے ہم آہنگی کو فروغ دینے کے ساتھ تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے کئے جارہے ہیں۔
اس موقع پر ڈی پی او حسن افضل نے کہا کہ قیام امن کیلئے تمام مذہبی اکابرین سے معاملات طے کرلئے گئے ہیں اور محرم الحرام کے دوران پچیس سو سے تین ہزار پولیس اہلکار فرائض انجام دینگے،مجالس اور جلوسوں کیساتھ متعین رضاکاروں کو بھی ٹریننگ دی جارہی ہے،ہم جلوس شرکاء کی بحفاظت گھروں کی واپسی تک سکیورٹی فراہم کرینگے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اسد چانڈیہ،اسسٹنٹ کمشنر صدر عثمان غنی،سی ای او و چیف آفیسر ایم سی جوادالحسن گوندل،ایکسیئن ہائی وے آصف باجوہ،ایس ڈی او طاہر عزیز،سول ڈیفنس آفیسر خالد کریم،سید فراست شاہ سمیت دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔











