ڈیرہ غازی خان ، 11 جولائی(اے پی پی):ڈی جی خان ڈویژن کے تمام سرکاری و نجی ہسپتالوں کے ویسٹ کی محفوظ تلفی کی کڑی نگرانی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔اس حوالے سے کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیرصدارت ڈویژنل ہاسپٹلز ویسٹ سپروائزری کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں فیصلہ کیا گیا کہ فوری طور پرکمیٹی تشکیل دی جائے جو ہسپتالوں اور انسینریٹرز کے اچانک معائنہ کے ساتھ متعلقہ معاملات کی جانچ پڑتال کرکے رپورٹ پیش کرے۔
اس موقع پر کمشنر نے ڈی جی خان ڈویژن کے سرکاری و نجی ہسپتالوں کے فضلہ کی تلفی ،ری سائیکلنگ کی کڑی نگرانی کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری و نجی ہسپتال ویسٹ کی تلفی اور دیگر معاملات کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کریں گے کیونکہ ہسپتال کا انفیکشن ویسٹ سب سے زیادہ خطرناک ہے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال ویسٹ کی محفوظ ترسیل و انسینریٹر کو یقینی بنایا جائے اور ہاسپٹلز ویسٹ کی غیر قانونی ہینڈلنگ پر قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے۔
کمشنر نے کہا کہ ہاسپٹلز ویسٹ سے متعلقہ ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کےلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ ڈپٹی کمشنرز،سی ای او ہیلتھ ہاسپٹلز ویسٹ کے معاملات کی خود نگرانی کریں۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے ویسٹ کی محفوظ تلفی کے حوالے سے تربیت اور آگاہی سیمینار کئے جائیں اور ڈی جی خان ڈویژن کے تمام سرکاری و نجی ہسپتالوں میں صفائی کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران اجلاس میں موجود تھے۔