کمشنر ناصر محمود، آر پی او سجاد حسن کا ضلع لیہ کا دورہ ، محرم الحرام کے سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لیا

15

ڈیرہ غازی خان،22 جولائی (اے پی پی): کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان کے ہمراہ ضلع لیہ کا دورہ کر کے محرم الحرام کے سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے ڈسٹرکٹ ہسپتال ،مرکزی جلوس کے روٹس،مجالس اور امام بارگاہوں میں سیکیورٹی انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔

 کمشنر نے کہاکہ عشرہ محرم الحرام کے موقع پر امن کے قیام کے لئے بہترین انتظامات کئے جائیں اور منتظمین جلوس و مجالس اور ممبران امن کمیٹی سے مستقل  رابط رکھیں ۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے سلسلہ میں طے شدہ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

اس موقع پر  آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان نے کہا کہ جلوس و مجالس کی تھری تہی  سیکورٹی پر کار بند رہنے کے ساتھ شر پسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے۔انہوں نے کہا کہ پولیس ہر چیلنج سے نمٹنے کے لئے تیار ہے، منتظمین امن کے قیام کے لئے پولیس سے تعاون کریں۔

 بعد ازاں کمشنر نے آر پی او کے ہمراہ کوٹ سلطان  کے جلوس روٹس،جلوس روٹس مسجد کرنال،امام بارگاہ حسینیہ کا دورہ اور انتظامات کا جائزہ لیا،اس کے علاوہ انہوں نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ سلطان کا بھی دورہ کیا۔