لاہور، 22 جولائی (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر جنگلات، فشریز و ماحولیات بلال افضل نے کہا ہے کہ گرین پاکستان منصوبہ ملکی ترقی کے لیے بے حد اہم ہے جس میں پنجاب حکومت اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پاکستان کسان اتحاد کے وفد سے ملاقات میں کیا۔وفد کی قیادت صدر کسان اتحاد خالد کھوکھر کر رہے تھے۔ ملاقات میں صوبے میں زراعت اور فش فارمنگ کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بلال افضل نے کہا کہ کسان پاکستانی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کے مترادف ہیں جن کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ زراعت کے ساتھ ساتھ فش فارمنگ کو بھی بھر پور فروغ دیں گے جبکہ پنجاب فشریز ڈویلپمنٹ بورڈ اور ایکوا کلچر ایسوسی ایشن کے قیام کے لیے اقدامات کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ لاہور میں ماڈل فش مارکیٹ کے قیام کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں جس کی سائیٹ کی نشاندہی کے لیے کمشنر لاہور کو ٹاسک دے دیا ہے۔
صوبائی وزیر بلال افضل نے زراعت اور فش فارمنگ کی بہتری کے لیے شرکا کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایکواکلچر پر یونیورسٹیوں میں تحقیقی و تدریسی پروگرام شروع کرائیں گے۔ کسان اتحاد کے نمائندوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سویا بین کے جی ایم او سیڈ کی درآمد پر پابندی ختم کرائی جائے۔ پنجاب میں ایکوا ایکسی لنسی سنٹر قائم کیا جائے اور صوبے میں توانائی کے سستے ذرائع مثلا سولر انرجی اور بائیو گیس کو فروغ دیا جائے۔
اجلاس میں کسان اتحاد کے مرکزی ترجمان سعید ڈوگر، آل ٹیک اسلام آباد کے سی ای او ڈاکٹر شہزاد جدون، صدر فش مارکیٹ لاہور عباد حسین، اے ایم جی فیڈ ملز کے سربراہ نبیل چوہدری اور فش فارمرز یونین ملتان کے صدر چوہدری صلاح الدین بھی موجود تھے۔