گوجرانوالہ،9جولائی(اے پی پی): علی پور چٹھہ آئل ریفائنری میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے۔
آگ آئل ریفائنری کے بوائلر میں لگی، جس میں 25000 لیٹر خام تیل کا بڑا ذخیرہ تھا،جلنے والا مواد خام تیل تھا جبکہ احاطے میں واٹر ہائیڈرنٹ پوائنٹ بھی دستیاب تھا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق آج صبح تحصیل وزیر آباد کے نواحی علاقہ علی پور چٹھہ میں موجود الشیخ برادرز لبریکنٹس(ریفائنری) پر آئل بوائلرمیں نامعلوم وجوحات پر اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے شعلوں کی بلندی آسمان کو چھو نے لگی، آگ لگنے والے آئل بوائلر میں خام تیل کی بڑی مقدار( 25 ہزار لیٹر موجود) تھی۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو آپریشن ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، اور آگ کو بجھانے کے لیے کارروائی کا آغاز کر دیا۔ فائر بریگیڈز نے مسلسل محنت کے بعد آگ پر قابو پالیا ہے، ریسکیو 1122 کے مطابق آگ پر قابو پانے کے بعد کولنگ کا عمل جاری ہے۔