گوجرانوالہ ؛عاشورہ محرم میں قیام امن کیلئے تمام ممکنہ سکیورٹی و انتظامی اقدامات یقینی بنانے کیلئے پوری طرح چوکس ہوکر فرائض کی ادائیگی کر رہے ہیں،کمشنرڈویژن

13

 گوجرانوالہ، 28 جولائی(اے پی پی):کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی اور آر پی او ڈاکٹر حیدر اشرف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ عاشورہ محرم الحرام کے موقع پرقیام امن کے سلسلہ میں تمام ممکنہ سکیورٹی اور انتظامی اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ، پولیس و دیگر ادارے پوری طرح چوکس ہو کر اپنے فرائض کی ادائیگی کر رہے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ پاک آرمی اور رینجرز بھی شر انگیزی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں ۔

 ان خیالات کا اظہار ڈی سی دفتر گوجرانوالہ میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی لائیو مانیٹرنگ کیلئے بنائے گئے ضلعی کنٹرول روم کے دورے کے موقع پر کیا۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ فیاض احمد موہل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز (جنرل) شبیر حسین بٹ (ہیڈکوارٹر) ماریہ جاوید سمیت ضلعی افسران اورمتعلقہ محکموں کے نمائندہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کمشنر اور آر پی او کو کنٹرول روم کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے بتایاکہ حساس جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کے لئے 300 سے زائد کیمرے نصب  اور ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس فورس کے ساتھ قومی رضا کار بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ ضلعی کنٹرول کو 24 گھنٹے میں شفٹوں میں چلایا جا رہاہے اور پولیس، واسا، جی ڈبلیو ایم سی، گیپکو، سوئی گیس، ریسکیو 1122 سمیت تمام محکموں کے نمائندے کنٹرول روم میں ڈیوٹی پر مامور ہیں ، صفائی، نکاسی آب، تجاوزات وغیرہ اور دیگر مسائل کو فوری حل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محرم الحرام کے ماہ میں ضلع  میں مجموعی طور پر 1624مجالس اور 473 جلوس برپا ہوں گے جبکہ 09 محرم الحرام کے دن 91 جلوس جن میں 05 حساس ترین اور 144 مجالس حساس ترین قرار دی گئی ہیں جن کو سیکورٹی کور کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقدام کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تمام افراد کی جامہ تلاشی اور شناخت کے بعد ہی انہیں جلوسوں اور مجالس میں شرکت کی اجازت ہوگی جبکہ خواتین کے لئے لیڈیز پولیس کابھی انتظام کیاگیا ہے۔

 انہو ں نے کہا کہ کسی بھی اشتعال انگیزی اور قانون شکنی کا فوری نوٹس لیتے ہو ئے فوری ٹھوس کارروائی کے ذریعے امن وامان کو ہر صورت برقرار رکھاجائے گا اور اس سلسلہ میں ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ کمشنر اور آر پی او نے سیکورٹی انتظامات اور کنٹرول روم کے ذریعے مانیٹرنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران اور اداروں کو اپنے فرائض مکمل یکسوئی اور خلو ص نیت سے ادا کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ تمام اداروں، ڈویژنل و ضلعی امن کمیٹی کے معزز اراکین اور مقامی سماجی شخصیات ے مربوط تعاون سے ڈویژن بھر میں عاشورہ محرم پر امن وامان برقرار رہے گا۔

 اس موقع پر کمشنر اور آر پی او نے لائیو ویڈیو مانیٹرنگ کے ذریعے امام بارگاہ گلستان معرفت‘ کامونکی، قلعہ دیدار سنگھ اور دیگر مقامات کے حساس جلوسوں اور مجالس کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا۔

افسران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اللہ کے فضل سے ضلع میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہے اور جو مجالس اور جلوس ہیں وہ پر امن طریقے سے اختتام پذیر ہو رہے ہیں۔ اس دوران علماءکرام نے بھی کہا کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی سمیت دیگر امور بھی بہترین ہیں ۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس ودیگر محکمہ جات سمیت ضلعی امن کمیٹی بھی پوری طرح سے متحرک ہے، ہم امید کرتے ہیں یوم عاشورہ کے تمام جلوس اور مجالس بھی احسن طریقے سے اختتام پذیر ہونگے۔