گھوٹکی،30 جولائی (اے پی پی ):وزیر اعلی سید مراد علی شاہ ،سندھ کے مختلف اضلاع کے دورے کے دوران گھوٹکی پہنچے جہاں انہوں نے بچاؤ بند پر قائم کی گئی پولیس چوکیاں کا معائنہ کیا ۔وزیر اعلی سندھ تھانہ بیلو میرپور کی پولیس چوکی نمبر 40 پر پہنچے جہاں لکڑی کی سیڑھی سے چڑھ کر پولیس چوکی کی چھت پر جا کر ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں سے ملاقات کی۔ بعد ازاں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ رونتی بچاؤ بند پر پہنچے اور سیلابی صورتحال اور لاء اینڈ آرڈر پر بریفنگ لی۔
اس موقع پر وزیر اعلی سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آج ضلع گھوٹکی، کشمور، جیکب آباد کے اضلاع کے دورے کے دو مقاصد تھے کہ لاء اینڈ آرڈر اور سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا جائے اب ضلع گھوٹکی میں کوئی بھی نو گو ایریا نہیں ہے اور نا کوئی مغوی اغوا ہے ،دو مغویوں کو پولیس نے گذشتہ رات بازیاب کرایا ہے،ضلع گھوٹکی کچے کے ایریا میں 77 کلو میٹر بچاؤ بند کا ایریا آتا ہے جہاں پولیس کی جانب سے 177 پولیس چوکیاں قائم کی جائیں گی جن پر اب تک 140 پولیس چوکیاں قائم کر دی گئی ہیں مزید 30 پولیس چوکیاں قائم کی جائیں گی۔
وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہنی ٹریپ کے ذریعے بچاؤ بند کراس کے آنے والے لوگوں کو پولیس روکتی ہےجس کے باعث ضلع گھوٹکی میں اب اغوا کا سلسلہ رک گیا ہے، ڈاکوؤں نے غریب لوگوں اور بچوں کو اغوا کرنا شروع کر دیا ہے، 30 سے 35 ہزار کمانے والا غریب شخص تاوان کہاں سے ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ گھوٹکی کندھکوٹ پل پر کام کرنے والے تین مزدور تھے جنہیں بازیاب کرایا گیا ہے ڈاکو اغوا اور ڈکیتیاں اس لئے کر رہے ہیں کہ پورے پاکستان میں خوف پھیل سکے اور پولیس کمزور پڑ جائے اور اغوا کاروں کو راستہ مل سکے مگر اسکے باوجود پولیس ثابت قدم رہی ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ پولیس نے بہت شہادتیں اٹھائی مگر ثابت قدم رہی جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں ایک وقت تھا پولیس کانوائی میں لوگ سفر کیا کرتے ہیں،اب وہاں امن و امان بہتر ہے اور اب حکومت سندھ، پاکستان پیپلزپارٹی اور سندھ پولیس آخر سانس لینے والے ان چند ڈاکوؤں کو بھی جہنم وصل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس جدید اسلحہ فراہم کرنے کے لئے وفاق سے بات کی ہے، جلد ہو جائے گا۔
وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پچھلے ایک سال کے دوران صرف ضلع گھوٹکی میں 70 ڈاکوؤں کو مارا گیا اور 40 افراد کو اغوا ہونے سے بچایا گیا ہے، اللہ تعالی لوگوں کو ہدایت دے کہ خواتین کی نسوانی آواز اور سستے ٹریکٹر گاڑیاں خریدنے کچے آتے ہیں اور اغوا ہو جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاء اینڈ آرڈر کو کنٹرول کرنا حکومت کا اولین فرض ہے، پولیس کو تمام تر وسائل پورے کر کے دیں گے، کچے میں ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے پولیس اہلکاروں کو کچہ الاونس دیا جائے گا تاکہ جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ کیا جا سکے۔