لاہور، 20 جولائی(اے پی پی): حضرت داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے 980 ویں عرس مبارک کے حوالے سے محکمہ اوقاف کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور سید طاہر رضا بخاری نے کی۔ ایڈمنسٹریٹر داتا دربار کمپلیکس شاہد حمید ورک بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اجلاس میں داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے عرس اور مزار شریف کو غسل دینے کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 28 جولائی کو مزار شریف داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کو عرق گلاب سے غسل دیا جائے گا۔ سید طاہر رضا بخاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نذرانہ آن لائن پورٹل کا بھی افتتاح کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ عرس کے موقع پر عوام الناس کے لیے بہترین اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ سید طاہر رضا بخاری نے کہا کہ داتا دربار کمپلیکس میں 133 سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ہمہ وقت کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ عرس مبارک کے موقع پر لیسکو کی جانب سے لوڈ شیڈنگ نہ کیے جانے کی یقین دہانی خوش آئند ہے۔ اجلاس میں تمام انتظامی محکمہ جات کے نمائندگان نے شرکت کی۔