اوکاڑہ،22اگست (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب عمران قریشی نے کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کے ہمراہ ستلج کے مقام اٹاری کا دورہ کیا۔
اس موقع پر آر پی او محبوب رشید، ڈپٹی کمشنراوکاڑہ ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن ریٹائرڈ منصور امان اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چوہدری ظفر اقبال بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈائریکٹر جنرل عمران قریشی نے اٹاری کے مقام پر قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا۔انہوں نے ہیلتھ کاؤنٹر، لائیو سٹاک کاؤنٹر، ریسکیو کاؤنٹر پر دستیاب ادویات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے ریسکیو آپریشن فلڈ ریلیف کیمپ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فلڈ ریلیف کیمپ اٹاری میں 2000 سے زائد سیلاب متاثرین مرد و خواتین اور بچے موجود ہیں جہاں سیلاب متاثرین کو عزت اور وقار کے ساتھ تمام سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہفلڈ ریلیف کیمپ میں مقیم سیلاب متاثرین کو تین وقت کا بہترین کھانا مہیا کیا جا رہا ہےفلڈ ریلیف کیمپ میں سیلاب متاثرین کے لیے بستروں اور پنکھوں کا وسیع انتظام کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عمران قریش نے فلڈ ریلیف کیمپ میں قائم خیمہ بستی میں مقیم سیلاب متاثرین سے گفتگو بھی کی۔عمران قریشی نے کمشنر ساہیوال ڈویژن کے ہمراہ سیلاب متاثرین کو دیا جانے والا کھانا بھی چیک کیا.ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ہدایات دیں کہ جو لوگ دریا کے علاقوں میں رہ گئے ہیں انہیں بھی فوری طور پر ریسکیو کیا جائے. سیلاب متاثرین کے لیے بہترین انتظامات کرنے پر ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف کی پوری ٹیم اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چوہدری ظفر اقبال اور ریسکیو1122 کے جوانوں کو بھی دن رات لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور جاں فشانی سے کام کرنے پر شاباش دی۔