اوکاڑہ یونیورسٹی میں یوم آزادی کی تقاریب کا آغاز، ملی نغموں کا مقابلہ منعقد

12

اوکاڑہ،09اگست(اے پی پی): یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز کی جانب سے یوم آزادی کی تقریبات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے کی پہلی تقریب میں ملی نغموں کا مقابلہ ہوا ، تقریب کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد نے کی جبکہ مہمان خصوصی گورنمنٹ ویمن کالج رینالہ کی پرنسپل سعدیہ سروت تھیں۔ مقابلے میں مختلف شعبہ جات کے طلباءنے حصہ لیا۔   مقابلے میں ججز کی ذمہ داری ڈاکٹر نسیم عباس، ڈاکٹر عاطف علی الطاف اور شرجیل احمد کو سونپی گئی۔

تقریب کے آغاز میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئےوائس چانسلر پروفیسر واجد نے کہا کہ ہمیں ایک آزاد ملک میں رہنے پہ فخر محسوس کرنا چاہیے، زندہ قومیں کبھی اپنے محسنوں اور آزادی کی راہ میں دی جانے والی قربانیوں کو فراموش نہیں کرتیں۔انہوں نے طلباءکو نصیحت کی کہ وہ اپنے اعمال اور کردار سے یہ ثابت کریں کہ وہ واقعی ہی آزادی کے مستحق ہیں۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ علامہ اقبال ؒکا اصل مخاطب نوجوان تھا اور وہ نوجوانوں کو حقیقی قیادت کے حق دار سمجھتے تھے، اب وقت ہے کہ نوجوان اس امید پہ پورا اترنے کی کوشش کریں۔

پروفیسر واجد نے طلباءکو ہدایت کی کہ وہ کچھ اندرونی اور بیرونی شر پسند عناصر کی جانب سے ملکی اداروں کے خلاف ہونے والے سائبرپروپیگنڈہ سے ہوشیار رہیں اور اس کا حصہ بننے کی بجائے اس کی حوصلہ شکنی کریں۔

 ان تقاریب کا سلسلہ یوم آزادی تک جاری رہے گا اور اس دوران وائس چانسلر کی ہدایت پر کیمپس میں دو ہزار پودے بھی لگائے جائیں گے۔