اوکاڑہ،30اگست )اے پی پی):یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے شعبہ سائنس ایجوکیشن کی جانب سے ایک نمائش کا اہتمام کیا گیا جس میں طلباء نے سربراہ شعبہ ڈاکٹر نسرین اختر کی زیر نگرانی مختلف سائنسی ایجادات اور تجربات کو ماڈلز، پوسٹرز اور تصاویر کی صورت میں پیش کیا۔ اس موقع پر طلباء سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر نسرین نے بتایا کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے طلباء کو اپنی تخلیقات کو دوسروں کے سامنے پیش کرنے اور سائنسی ایجادات کے متعلق آگہی پیدا کرنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے طلباء کو اس بات کی تلقین کی کہ وہ اپنے فن کے اظہار کےلیے باقاعدگی سے اس طرح کی نمائشوں کا اہتمام کیا کریں۔ نمائش میں یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلباء کی ایک بڑی تعدادنے شرکت کی اور سائنس ایجوکیشن کے طلباء کی کاوشوں کو سراہا۔