بھکر؛76ویں یوم آزادی کے عظیم الشان موقع پر پروقار تقریب ،پرچم کشائی ،قومی ترانہ اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا

13

بھکر،14اگست  (اے پی پی ): وطن عزیز پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کے عظیم الشان موقع پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام پروقار تقریب ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان کے زیر صدارت ڈی سی آفس کے سبزہ زار میں منعقد کی گئی۔ تقریب کا آغاز 8بج کر58منٹ پر سائرن بجا کر کیا گیا جس کے بعد پرچم کشائی ،قومی ترانہ اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہا کہ جشن یوم آزادی ہمیں اپنے اسلاف کی لازوال اور ولولہ انگیز قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو انہوں نے قیام پاکستان کیلئے دی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ آج قومی ترقی و خوشحالی کیلئے بے مثال جذبہ ایثار و قربانی سمیت جہد مسلسل کی اشد ضرورت ہے اس مقصد کیلئے ہم سب کو جذبہ حب الوطنی سے کام کرنا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہماری قومی تاریخ ہمارے آباؤاجداد کی بے مثال قربانیوں اور عمل پیہم کی داستانوں سے بھری پڑی ہے جن کے باعث مملکت خدادا پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ملکی ترقی کے کے تمام شعبہ ہائے جات بالخصوص تعلیمی میدان میں ہمیں مزید آگے بڑھنا ہے تاکہ ہمارے نوجوان تعلیم یافتہ بن کر قومی ترقی و استحکام کیلئے ہر اول دستے کا کردار ادا کرسکیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او محمد نوید نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے اور یہ بے پناہ قربانیوں کا ثمر ہے۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی تمام اہل وطن کو اس عظیم قومی دن میں شریک کرنے،وطن عزیز سے محبت کے  جزبہ کو فروغ دینے اور قومی تعمیر و ترقی کیلئے شبانہ روز محنت کرنے کے عہد کی تجدید کا موقع ہے ۔

ڈی پی او محمد نوید نے مزید کہا کہ نئی نسل کو اکابرین تحریک پاکستان اور قومی مشاہیر کے کارناموں سے آگاہ کرنا ہم سب کی اولین زمہ داری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تعمیر و استحکام پاکستان ہماری منزل ہے جس کے حصول کیلئے ہم سب کو بحثیت قوم جزبہ حب الوطنی ،خدمت وایثار،خود اصلاحی اور خود احتسابی سے کام کرنا ہوگا تاکہ وطن کی بہتری کیلئے ہم بھرپور طریقے سے اپنا کردار ادا کرسکیں۔

تقریب میں سرکاری و نجی سکولوں کے بچوں نے تقاریر ،نعت خوانی، ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کئے جنہیں شائقین نے خوب سراہا۔یوم آزادی کی رنگارنگ تقریب میں گھوڑے ڈانس کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا جسے شرکاء کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا ۔

تقریب کے اختتام پر صدر انجمن تاجران رانا محمد اشرف خاں نے مختلف سکولوں کے بچوں کی حوصلہ افزائی کیلئے نقد رقوم بطور انعام پیش کی۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان اور ڈی پی او محمد نوید نے ڈی سی آفس کے سبزہ زار میں شجرکاری کی۔اس موقع پر ملک کی سلامتی اور ترقی کیلئے خصوصی طور پر دعائیں مانگی گئی۔