بھکر،14 اگست (اے پی پی): ملک بھر کی طرح ضلع بھکرمیں بھی 76 واں یوم آزادی قومی وملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بھکر محمد نوید ،ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے پرچم کشائی کی ۔ پرچم کشائی سے قبل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی،سائرن بجایا گیا اورپولیس کے چاق و چوبند دستے کی سلامی دی۔
اس موقع پر شرکاء سے ڈپٹی کمشنر بھکر ڈآکٹر نورمحمد اعوان اور ڈی پی او محمد نوید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب نے ملکر پاکستانی پرچم کی طرح اس وطن عزیز کو بھی عروج وترقی کی بلندیوں تک پہنچانا ہے،پولیس ملک وقوم کی حفاظت اپنے جسم میں موجود خون کے آخری قطرے تک کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 76 ویں یوم آزادی کا سورج پاکستان کی نئی امنگوں کے ساتھ ابھر چکا ہے، بیش بہا قربانیوں کے بعد پاکستان کےوجود کو برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، جشن آزادی ہمیں وطن عزیز کیلئے عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
تقریب میں پولیس افسران، ضلعی انتظامیہ کے افسران، ممبران امن کمیٹی، سول سوسائٹی، صحافی برادری اور شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔