تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازی خان کی طرف سے اسناد کی آن لائن تصدیق کا عمل شروع

28

ڈیرہ غازی خان،02 اگست (اے پی پی): ثانوی و اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازی خان کی طرف سے اسناد کی آن لائن تصدیق کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب محمد الطاف بلوچ نے بدھ کو ای۔ویریفیکشن پراسس کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر محمد الطاف بلوچ نے بتایا کہ ای۔ویری فیکیشن پراسس سے اسناد کی جعل سازی کا خاتمہ ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ پہلے اُمیدواروں کو تعلیمی بورڈ آفس آنا پڑتا تھا اب تعلیمی بورڈ ڈی جی خان  نے شہریوں کو گھر بیٹھے اسناد کی تصدیق کی سہولت فراہم کردی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈ میں ای ویریفیکشن کا عمل شروع کردیا گیا ہے جبکہ ملتان اور بہاولپور کے بعد اب ڈی جی خان بورڈ میں بھی ای ویریفیکشن کا پراسس شروع کرادیا ہے،میٹرک اور انٹرمیڈیٹ اسناد کی اب آن لائن  تصدیق ہوگی۔

محمد الطاف بلوچ نے کہا کہ امیدوار کو اب بورڈ آفس آنے کی شرط ختم کردی گئی ہے، امیدوار  اور ادارے آن لائن ڈاکومنٹس بھیج کر اسناد کی ویریفیکشن کراسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ای۔ویریفیکیشن سے شہریوں کو  سفر کی زحمت نہیں اٹھانا پڑے گی اور اس سے وقت اور سرمایہ کی بھی بچت ہو گی۔

اس موقع پرایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن کریم بخش ،ایڈیشنل سیکریٹری جنوبی پنجاب طارق محمود،سیکریٹری بورڈ عبدالرحمن رشید،کنٹرولر امتحانات مرزا ظہیر اصغر،ڈائریکٹر کالجز محمد مظفر حسین،سیکشن آفیسر ساؤتھ پنجاب محمد عامر،آر سی او حبیب الرحمن گاڈی،سسٹم اینالسٹ محمد بلال بھٹہ،ٹیکنیکل پرسن احمد  علی قریشی اور دیگر افسران ان کے ہمراہ تھے۔