مظفرگڑھ؛شعبہ صحت میں یونیسف کا تعاون قابل تحسین ہے، مہر محمد حیات لک

36

مظفرگڑھ، 02اگست (اے پی پی): سیکریٹری محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر جنوبی پنجاب مہر محمد حیات لک نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں شعبہ صحت میں یونیسف کا تعاون قابل تحسین ہے۔آکسیجن پلانٹ کے آپریشنل ہونے سے انتہائی نگہداشت کے مریضوں کو آکسیجن کی فراہمی میں کوئی تعطل نہیں آئے گا۔

یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفرگڑھ میں آکسیجن پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پرچیف فیلڈ آفس یونیسف پنجاب مسٹر ولبراڈ نیگمبی، ڈائریکٹر جنرل صحت جنوبی پنجاب ڈاکٹر مہر محمد اقبال، ہیلتھ سپیشلسٹ یونیسف ڈاکٹر قراۃ العین، سی ای او ہیلتھ مظفرگڑھ ڈاکٹر ظفر اقبال،ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال مظفرگڑھ ڈاکٹر ضیاء الحسن بھی موجود تھے۔

سیکرٹری محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر جنوبی پنجاب مہر محمد حیات لک نے کہا کہ  یونیسف کو سروسز کی فراہمی میں محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر جنوبی پنجاب کی طرف سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔۔اس موقع پر ہیلتھ سپیشلسٹ یونیسف ڈاکٹر قراۃ العین نے اور میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر ضیا الحسن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آکسیجن پلانٹ سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں محکمہ صحت مظفرگڑھ کو سالانہ 5 کروڑ سے زائد کی بچت ہوگی۔آکسیجن پلانٹ مظفرگڑھ کی ضروریات کو پورا کرے گا اس کے علاوہ پرائیویٹ ہسپتالوں کو بھی آکسیجن فراہم کی جا سکتی ہے ہسپتال میں آئندہ 2 سے 3 ماہ میں 250 کلو واٹ کا سولر پلانٹ بھی فعال کر دیا جائے گا۔سولر پلانٹ سے آکسیجن پلانٹ کے ساتھ ساتھ ایمرجنسی اور دیگر وارڈز کو بلا تعطل پاور میسر ہوگی۔آکسیجن پلانٹ 200 لیٹر فی گھنٹہ آکسیجن پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔مزید بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب میں یونیسف کی جانب سے تقریباً 1.2 ملین ڈالرز کی لاگت سے 2  آکسیجن پلانٹس مظفرگڑھ اور بہاولنگر میں لگائے گئے ہیں۔

 چیف فیلڈ آفس یونیسف پنجاب مسٹر ولبراڈ نیگمبی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کا خطہ محبت کرنے والے لوگوں کا خطہ ہے۔یونیسف کی جانب سے آکسیجن پلانٹ اور دیگر سروسز کی فراہمی سے دکھی انسانیت کو ریلیف فراہم کرنے میں کافی مدد ہوگی۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ اب مظفرگڑھ میں کوئی بھی مریض بالخصوص حاملہ خواتین اور نوزائیدہ بچے زندگی کی بازی نہیں ہاریں  گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل محکمہ صحت جنوبی پنجاب ڈاکٹر مہر محمد اقبال اور سی ای او صحت ڈاکٹر ظفر عباس  نے مظفرگڑھ میں آکسیجن گیس کا پلانٹ اور سولر سسٹم لگانے پر شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں معزز مہمانوں نے آکسیجن پلانٹ کاافتتاح کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر مقبول عالم،ڈاکٹر محمد حسن سمیت محکمہ صحت کے افسران اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ڈاکٹر ز بھی موجود تھے۔