جوہر آباد،15 اگست (اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر صوبہ بھر میں “گاؤں چمکیں گے” پروگرام کا آغاز کردیا گیا ہے، اس پرو گرام پر سالانہ آٹھ ارب روپے خرچ کیے جائیں گے ، پروگرام کے تحت صوبہ کی2468دیہی یونین کونسلوں مین صفائی ستھرا ئی اور بیماریوں سے بچاؤ کے منصوبے شامل ہوں گے۔
اس پروگرام کی افتتاحی تقریب کا اہتمام نواحی چک 54 ایم بی یونین کونسل نمبر17 میں کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر راناتھے جنہوں نے فیتہ کاٹ کر اس پروگرام کا افتتاح کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر رانا نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار “اب گاوں چمکیں گے” پروگرام کاآغاز کیا جارہا ہے جس کے تحت دیہی علاقوں میں سیوریج ،صفائی اور تجاوزات کے خاتمے کا جامع پروگرام شروع کیا جا رہا ہے اس سے دیہات میں بسنے والے موذی امراض سے محفوظ رہیں گے ۔
ٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر رانا نے کہا کہ قبل ازیں شہری علاقوں میں یہ نظام تھا لیکن دیہات یکسر نظر انداز ہوتے رہے اب موجودہ حکومت نے دیہاتوں کی سطح پر یہ سہولت مہیا کر کے ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحصیل سطح اور دیہی سطح پرتشکیل کردہ کمیٹیوں کے ساتھ تمام لوگوں کو تعاون کرنا ہوگا، قانون و قاعدہ پر عمل کرنا آپ کیلئے کچھ ناگوار تو گزرے گا لیکن اس پر عمل کر کے فوائد آپ کو ہی حاصل ہوں گے۔
قبل ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد اعجاز نے اس پروگرام کے خدوخال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کی کامیابی کے لئے تحصیل سطح اور گاوں سطح پر علیحدہ علیحدہ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، تحصیل سطح پر اس کمیٹی کو متعلقہ تحصیل کا اسسٹنٹ کمشنر سپروائز کرے گا جبکہ ریونیو، لوکل گورنمنٹ ، ایم سیز ، ہیلتھ ، سکولز ایجوکیشن ، لائیو سٹاک ،زراعت، پولیس کا ایک ایک نمائندہ شامل ہوگا، دیہات سطح کی کمیٹی مقامی افراد پر مشتمل ہوگی جو تحصیل کمیٹی کو سپورٹ کرے گی اور گاوں میں صفائی ستھرائی ، سیوریج سسٹم اور تجاوزات کے خاتمے کی نشاندہی اور خاتمے کی سفارشات کرے گی۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) خوشاب مطاہر امین حیات وٹو، اسسٹنٹ کمشنر خوشاب محمد اعجاز ملک، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ چوہدری محمد اعجاز، سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی محمد اشفاق احمد، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹررانا محمد اکبر ڈی ایچ او ڈاکٹر گلزار یوسف راو، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر بخشیش حیدر کے علاوہ یونین کونسل کے نمبرداران ، معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔