لاہور، 30اگست(اے پی پی) :حضرت داتا گنج بخش ؒ کا 980 واں عرس مبارک امسال شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔ صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور بیرسٹر اظفر علی ناصر نے میڈیا کو بتایا کہ آپؒ کا عرس مبارک 18 سے 20 صفر 1445 ہجری بمطابق 05 تا 07 ستمبر 2023 آپؒ کے آستانہ عالیہ پر منعقد ہو رہا ہے۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر عرس کے حوالے سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ جبکہ عرس تقریبات کا باقاعدہ آغاز 05 ستمبر 2023 کو دن 11 بجے رسم چادر پوشی سے ہو گا۔ چادر پوشی کے بعد حسب روایت دودھ کی سبیل کا افتتاح کیا جائے گا۔ بیرسٹر اظفر علی ناصر نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخشؒ کے علمی اور روحانی فیوض و برکات کی ترویج و تبلیغ کیلئے “معارف سید ہجویر” اور “تسہیل کشف المحجوب” دو کتب کی خصوصی اشاعت کا اہتمام کیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی ان دونوں تصانیف کی رونمائی کریں گے۔ بیرسٹر اظفر علی ناصر نے کہا کہ عرس کے موقع پر دینی، روحانی محافل اور علمی نشستوں میں 500 سے زائد علماء و مشائخ، سجادگان، قراء اور نعت خواں حضرات کو مدعو کیا گیا ہے۔ جامعہ مسجد داتا دربار میں 31 اگست سے مدارس دینیہ اور جامعات کے درمیان بین المدارس مقابلہ حسن قرآت و مقابلہ حسن تقریر سے استقبالیہ تقریبات کا آغاز ہو جائے گا۔ 31 اگست جمعرات دوپہر دو بجے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن عالمی کانفرنس کا افتتاح کریں گے۔ زائرین کیلئے لنگر اور دیگر تقریبات و انتظامات کیلئے محکمہ اوقاف نے 1 کروڑ 25 لاکھ روپے مختص کئے ہیں۔عرس مبارک کے موقع پر 155 سی سی ٹی وی کیمرے، تین ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات ہونگے۔ بیرسٹر اظفر علی ناصر نے کہا کہ خواتین کے ایریا میں پنجاب پولیس کی لیڈی کانسٹیبلز فرائض کی انجام دہی میں مصروف ہونگی اور ضلعی انتظامیہ، بم ڈسپوزل سکواڈ، ریسکیو 1122 سمیت تمام انتظامی محکموں کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ داتا دربار کے قریبی اسپتالوں میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے طبی عملہ ہائی الرٹ پر ہو گا۔ زائرین کی سہولت کے لیے داتا دربار کی حدود میں میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں۔ بیرسٹر اظفر علی ناصر انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی کاوشوں سے 14 سال بعد داتا دربار کی پارکنگ کھول دی گئی ہے۔رواں سال محکمہ اوقاف کے لیے شاندار سال ہو گا؛ محکمہ اوقاف کی انکم ڈبل ہو جائے گی۔محکمہ اوقاف میں گزشتہ 6 ماہ میں جتنا کام ہوا ہے اسکی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔