خیبر پختونخوا تعلیمی بورڈز کے تحت میٹرک سالانہ امتحانات نتائج 2023 کا اعلان کردیا گیا

9

پشاور, 22 اگست (اے پی پی):خیبر پختونخوا تعلیمی بورڈز کے تحت میٹرک سالانہ امتحانات نتائج 2023 کا اعلان کردیا گیا ۔ اس سلسلے میں منگل کے روز وزیر اعلیٰ ہاو س پشاور میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان تھے۔ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تمام تعلیمی بورڈز کے نتائج کا بیک وقت اعلان کیا گیا۔ نتائج کے مطابق پشاور تعلیمی بورڈ کے تحت امتحانات میں کامیابی کی مجموعی شرع 86 فیصد رہی۔ وزیراعلیٰنےبورڈزمیںنمایاںپوزیشنحاصلکرنےوالےطلبہمیںسرٹیفیکیٹساورانعاماتبھی تقسیمکیے۔

تقریب سے خطاب میں نگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ ، اُن کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ امتحانات میں شاندارکارکردگی کے پیچھے طلبہ ، ان کے اساتذہ اور والدین کی انتھک محنت شامل ہے جس پر میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، آپ کسی بھی فیلڈ میں ہوں یا کوئی بھی کام کریں، اس میں کامیابی کیلئے اخلاص کے ساتھ محنت کرنا بنیادی شرط ہے اور یہی وجہ ہے کہ جو لوگ محنت کرتے ہیں ، کامیابی انہی کا مقدر بنتی ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ بورڈ امتحانات میں کامیاب ہونے والے طلبہ نے نہ صرف اپنی محنت کا صلہ پایا بلکہ اپنے والدین اور اساتذہ کا سر بھی فخر سے بلند کیا ۔ محمد اعظم خان نے مزید کہا کہ تعلیم کا شعبہ کسی بھی ریاست یا حکومت کی اولین ترجیح ہو تا ہے ۔ نگران صوبائی حکومت اپنے محدود مینڈیٹ اور وسائل کے باوجود تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ کے ترقیاتی بجٹ میں شعبہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے107 منصوبے شامل کئے گئے ہیں جن کیلئے ساڑھے چار ارب روپے مختص ہیں۔ صوبے میں سکولوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کیا جارہا ہے ، پہلے سے موجود سکولوں میں سیکنڈ شفٹ کے ساتھ ساتھ کمیونٹی سکول کا نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ ہمارا مقصد شعبہ تعلیم میں اصلاحاتی اور ترقیاتی عمل کا جاری رکھنا ہے تاکہ ہم اپنے بچوں کو معیاری تعلیم کی سہولیات فراہم کرسکیں۔ تقریب میں نگران صوبائی وزیر بیرسٹر فیروز جمال شاہ، محکمہ تعلیم کے حکام ، تعلیمی بورڈز سربراہان، پوزیشن ہولڈرز طلبہ اور اُن کے والدین نے تقریب میں شرکت کی ۔