خیبر پختونخوا میں معاشی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اقدامات ضروری ہیں؛چیف سیکر ٹری ندیم اسلم

41

پشاور، 30اگست(اے پی پی): چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں معاشی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اقدامات ضروری ہیں، اس مقصد کیلئے صوبائی حکومت، ایف پی سی سی آئی اور تاجر برادری نے صوبے کی معاشی ترقی کے لئے سر جوڑ لئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کاروباری طبقے اور تاجر برادری کے ساتھ اہم اجلاس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ “ون ڈسٹرکٹ ون انڈسٹریل اسٹیٹ” کے تحت ہر ضلع میں کم از کم ایک انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کی جائے اور ان تمام انڈسٹریل اسٹیٹس میں تحفظ اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ایک ایک پولیس پوسٹ بھی وہاں قائم کی جائے اور بجلی کے شکایات کے ازالے کیلئے انڈسٹریل اسٹیٹ میں کمپلینٹ آفس کے قیام کو یقینی بنایا جائے۔

چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنرز کو چیمبرز کے عہدیداروں کے ساتھ ماہانہ اجلاس منعقد کرنیکی ہدایت کی اور خیبر بینک کو بلا سود قرضے فراہم کرنے کے لئے اقدامات کو حتمی شکل دینے کی تاکید کی۔ انہوں نے فوری طور پر کاروباری طبقے کے بڑے مسائل کے حل کے لیے ورکنگ گروپس/کمیٹیاں تشکیل دینے اور انکو چند دنوں میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

 چیف سیکرٹری نے تاجر برادری اور سرمایہ کاروں کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے صوبے میں کاروبار و معاشی ترقی کے لیے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ اور تاجر برادری نوجوانوں کے لئے ملازمت کے کثیر مواقع فراہم کرکے صوبے کی خوشحالی میں بہترین کردار ادا کر رہا ہے ۔

اس موقع پر اجلاس سے مخاطب ہوتے ہوئے ریجنل کوآرڈی نیٹر ایف پی سی سی آئی سرتاج احمد خان نے کہا کہ صوبے میں معاشی ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام بارڈر سٹیشنز کی فعالیت سے ہی تجارت بڑھے گی، صوبے میں صنعتوں کو ویلنگ ماڈل کے تحت بجلی کی فراہمی کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔

سرتاج احمد خان نے کہا کہ صنعتیں مشکلات کا شکار ہیں، کاروباری طبقے کو مسائل کے دلدل سے نکالنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ  صوبے میں جیمز سٹی کے قیام اور چیمبرز کو اراضی کی الاٹمنٹ کےلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔