دیپالیور،05 اگست (اے پی پی ):علاقہ ھیڈ سلمانکی دریائے ستلج میں سوجیکے کے مقام پر حادثہ کا شکار ہونے والے بیڑا میں 45 لوگ سوار تھے جن میں سے 33 افراد کو زندہ بچا گی لیا گیا ہے ، چار کی نعشیں دریا سے نکالی جا چکی ہیں جبکہ باقی افراد کی تلاش کا کام جاری ہے تاہم تاحال دریائے ستلج میں ڈوبنے والا بیڑا ابھی تک نہیں مل سکا ہے ۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف کی زیر نگرانی ریسکیو آپریشن میں ضلعی انتظامیہ، پاک آرمی،ایس ایس جی موسی کمپنی کے کمانڈوز، ریسکیو 1122، پولیس سمیت تمام متعلقہ محکمے حصہ لے رہے ہیں۔ حادثہ کا شکار ہونے والا بیڑا موضع سوجیکے تحصیل دیپال پور ضلع اوکاڑا سے بارےکا ہتاڑ تحصیل منچن اباد ضلع بہاول نگر جا رہا تھا، بیڑے میں 45 افراد کے ساتھ ساتھ کیمیائی کھاد کے 30 بیگ اور 15 سے 20 موٹر سائیکلیں بھی موجود تھیں۔
دریائے ستلج میں حادثہ کا شکار ہونے والا بیڑا موضع سوجیکے کے مقام پر واپڈا کے کھمبے اور تاروں سے ٹکرا کر ڈوب گیا۔ضلعی انتظامیہ اوکاڑا کے بروقت ریسکیو آپریشن کی بدولت 33 لوگوں کو زندہ بچا لیا گیا جبکہ باقی ڈوبنے والے افراد کی تلاش کا کام بھی جاری ہے ۔
بیڑے میں سوار لوگوں میں سے دو کا تعلق تحصیل دیپالپور ضلع اوکاڑا جبکہ 43 لوگ ضلع بہاول نگر کے رہائشی تھے دریا میں ڈوبنے والے ایک بچے سمیت چار افراد جن میں ایک خاتون اور دو مرد شامل ہیں کی نعشیں دریا سے نکال لی گئی ہیں جبکہ اٹھ ڈوبنے والے افراد کی تلاش اب بھی جاری ہے ۔دریا میں ڈوبنے والوں میں سے دو افراد کا تعلق تحصیل دیپال پور ضلع اوکاڑا سے ہے جبکہ باقی تمام لوگ موضع بارےکا ہتاڑ تحصیل منچن اباد ضلع بہاول نگر سے تعلق رکھتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف کی سربراہی میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ریسکیو آپریشن میں پاک آرمی،ایس ایس جی موسی کمپنی کے کمانڈوز، ریسکیو1122، پولیس ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت سمیت تمام محکمہ حصہ لے رہے ہیں ۔ریسکیو آپریشن میں جدید ٹیکنالوجی سنار ریڈار کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے تاہم دریائے ستلج میں ڈوبے والا بیڑا نہیں مل سکا ہے ۔