ڈیرہ غازیخان؛ سیوریج کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں، کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود

20

 

ڈیرہ غازیخان،05 اگست(اے پی پ): کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیرنے کہا کہ سیوریج کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں اور کراون فیلیئر کی وجوہات کو جانا جائے، کراون فیلیئر سے انفراسٹرکچر تباہ ہورہا ہے،تمام ڈسپوزل ورکس مکمل گنجائش کے ساتھ چلائے جائیں اور خراب مشینری جلد مرمت کی جائے۔

کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے ڈیرہ غازی خان شہر میں سیوریج کے بڑھتے مسائل کا نوٹس لیتے ہوئے میونسپل کمیٹی کے افسران اور اہلکاروں کا ہنگامی اجلاس طلب کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن کریم بخش،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اسد چانڈیہ،اے سی صدر عثمان غنی اور دیگر افسران موجود تھے۔

کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیرنے کہا کہ بجلی کے متبادل کیلئے جنریٹرز اور وافر مقدار میں ایندھن کا بندوبست کیا جائے اور مین ہولز میں ڈھکن رکھنے کے ساتھ سیوریج لائن کی مکمل صفائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ شہر کی سطح پر عوامی کمیٹیاں بنائی جائیں اور مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ان کا حل تجویز کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ محکمے ایک دوسرے پر ذمہ داریاں ڈالنے کی بجائے ملکر کام کریں۔ عوامی مسائل کے حل اور میونسپل سروسز میں کوتاہی اور عدم دلچسپی برداشت نہیں ہوگی۔سالڈ وسیٹ منیجمنٹ کمپنی صفائی کو یقینی بنائے اور دونوں اداروں میں بائیو میٹرک حاضری یقینی بنائی جائے۔

کمشنر نے کہا کہ بائیو میٹرک حاضری نہ ہونے پر ملازمین کو فارغ کردیا جائے۔ایم سی اور دیگر گاڑیوں پر ٹریکنگ سسٹم فعال رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار میں غلط بیانی برداشت نہیں ہوگی۔