رحیم یار خان،11 اگست(اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام 11اگست اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا،تقریبات کا آغاز ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی کی قیادت میں قومی یکجہتی واک سے کیا گیا،قومی یکجہتی واک کا آغاز ڈپٹی کمشنر آفس سےہوا جو جناح ہال میں اختتام پذیر ہوئی،تقریب میں ہندو، عیسائی، مسلم بچوں نے ملی نغمے پیش کئے۔
مذہبی رہنماؤں نے اپنے اپنے انداز میں ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں اور اظہار خیال کیا،تقریب میں ڈپٹی کمشنر نے اقلیتی برادری کے ہمراہ کیک بھی کاٹا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے کہا کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کے بنیادی حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے،پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کا کردار نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آئین و قانون نے ہر شخص کا حق طے کر رکھا ہے کسی کو حق حاصل نہیں کہ وہ اپنی رائے کسی دوسرے پر مسلط کرے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام اقلیتوں نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہ سب سے پہلے پاکستانی ہیں،آج کے دن ہم نے اس عزم کا عہد کرنا ہے کہ مل جل کر ملکی ترقی میں کردار ادا کریں گے۔
اقلیتی رہنما نے تقریب سے خطا ب میں کہا کہ پاکستان دنیاکا خوبصورت اور پُر امن ملک ہے ، کوئی بیرونی سازش ہمارے اتحاد، بھائی چارے کو نقصان نہیں پہنچا سکتی ہم سب ایک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے اقلیتوں کے سالہا سال سے درپیش مسائل حل کئے ۔
اقلیتی رہنما نے کہا کہ ہمسایہ ملک میں اقلیتیں مشکلات اور سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا شکار ہیں ۔