رحیم یار خان؛ لانس نائیک عبدالوحید سلمان کی نماز جنازہ ادا ،  فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین

19

رحیم یار خان،23 اگست (اے پی پی): جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ اور فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے رحیم یارخان کے قابل فخر سپوت لانس نائیک عبدالوحید سلیمان کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاوں چک 135 پی میں ادا کی گئی، شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

نماز جنازہ میں اعلیٰ فوجی حکام ، سابق ایم این اے و ضلعی جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) میاں امتیاز احمد سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں امتیاز احمد نے کہا کہ ملکی سرحد کا دفاع کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے فوجی عبدالوحید سلیمان پر پوری قوم کو فخر ہے۔

خاص طور پر چک 135 پی ، شہید کے عزیز و اقارب اور رحیم یارخان کے عوام مبارکباد کے مستحق ہیں کہ ہمارے بیٹے نے وطن کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند اور ان کے عزیز و اقارب کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔آمین