سکھر،30اگست(اے پی پی):اقوام متحدہ اورسکھر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پائیدار ترقی کے موضوع پر مباحثے کا تیسرا دور منعقد ہوا جس میں اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولین ہارنیس اور اقوام متحدہ کے دیگر عملے کے ساتھ تقریبا 100 مقامی رہنما وں ، خواتین اور مرد، جن میں نوجوانوں نے بھی شرکت کی اس دوران مباحثے کے شرکاءسے ان کے افکار و خیالات بارے مکمل آگائی حاصل کی گئی۔
مباحثے سے گفتگو میں پاکستان میں اقوام متحدہ کی ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولین ہارنیس نے کہا کہ مقامی سطح پر معاشرے کے تمام طبقات سے بات چیت کے ذریعے ہی پائیدار ترقی پر توجہ مرکوز کی جس سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مکالمے اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کو یہ سمجھنے میں مدد کریں گے کہ مقامی رہنما وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں سے باہر کن ترقیاتی مسائل کو اپنی ترجیحات کے طور پر دیکھتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم ان کی کمیونٹیز میں موثر پیش رفت کے لیے ان کے خدشات اور ان کے خیالات کو فعال طور پر سن رہے ہیں یہ لوگ ہمیں بتا رہے ہیں کہ وہ عدم مساوات کو ختم کرنے اور غربت کو کم کرنے کے لیے پیش رفت کو تیز کرنے کے لیے ہمارے ساتھ کیسے کام کرنا چاہیں گے۔یہ مکالمے آنے والے ہفتوں میں پاکستان بھر میں بولی جانے والی مختلف زبانوں میں ہوں گے۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ نے ملک کی تمام اکائیوں کے اضلاع میں راہ عامہ جانچنے کے لئے مباحثوں کا پروگرام ترتیب دیا ہے جبکہ اس تناطر میں بہاولپور، حیدرآباد میں دو مباحثے کامیابی سے انعقاد پذیر ہو چکے ہیں۔