سکھر،30 اگست (اے پی پی):سکھر کے سینئر صحافی جان محمد مہر کے قتل میں سہولت کاری کے الزام میں نامزد 6 میں سے گرفتار تین ملزمان کو انسداد دہشتگری کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزمان کو مزید 6 روزه جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے ۔سکھر پولیس نے صحافی جان محمد مہر کے قتل کیس میں گرفتار تین ملزمان بخش علی ، بابر اور منور مہر کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد بدھ کو تیسری بار انسداد دہشتگری کی عدالت سکھر میں پیش کیا۔ آئی جی سندھ کے احکامات پر کیس کی تفتیش انسپکٹر سے منتقل کر کے ڈی ایس پی کے حوالے کی گئی ۔
پولیس نے عدالت كو بتایا کہ تحقیقات کے دوران گرفتار ملزمان نے کیس میں نامزد ملزمان سے رابطوں کی تصدیق کی ہے ۔ انهوں نے اعتراف کیا ہے کہ قتل میں ملوث افراد کچے میں موجود ہیں ۔ کیس کی سماعت انسداد دہشتگری کی عدالت کے جج عبد الرحمٰن قاضی نے کی۔ پولیس نے ملزمان سے تفتیش مکمل کرنے کیلئے عدالت سے مزید 14 روزہ ریمانڈ کی درخواست کی گئی ۔ عدالت نے استفسار کیا کہ قتل کیس میں نامزد دیگر ملزمان گرفتار کیوں نہیں ہوئے ۔ پولیس ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے ۔قتل کیس میں نامزد دیگر ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا ۔ عدالت نے حکم دیا کہ قتل کیس میں نامزد دیگر ملزمان کو جلد گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے ۔ عدالت نے ملزمان کے ریمانڈ میں مزید 6 دن کی توسیع کی اور انہیں پولیس کے حوالے کر دیا ۔
یاد رہے کہ سکھر پریس کلب کے سابق صدر سینئر صحافی و اینکر پرسن جان محمد مہر کو دفتر سے گھر واپس جاتے ہوئے 13 اگست کو قتل کر دیا گیا تھا۔