سیلابی صورتحال میں ضلعی انتظامیہ اپنے شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے،ڈپٹی کمشنر ملتان

36

ملتان، 26 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ملتان عمر جہانگیر نے کہا کہ سیلابی صورتحال میں ضلعی انتظامیہ اپنے شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے،سیلاب سے متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ترجما ن  ملتان پولیس کے مطابق ڈپٹی کمشنر ملتان عمر جہانگیر نے سی پی او ملتان منصور الحق رانا کے ہمراہ ہفتہ کے روز جلالپور پیر والا کے دریائی علاقوں کا دورہ کیا،سیلاب کی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے گئے انتظامات اور ریلیف کیمپوں کا جائزہ لیا۔اس دوران اسسٹنٹ کمشنر جلالپور پیر والا نے سیلابی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ملتان نے کہا کہ سیلابی صورتحال میں ضلعی انتظامیہ اپنے شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے،سیلاب سے متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے،اس حوالے سے مختلف مقامات پر کیمپ لگائے گئے ہیں جہاں متاثرہ شہریوں کو طبی سہولیات، مفت ادویات سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ڈپٹی کمشنر ملتان نے اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی کہ جن علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے ان علاقوں کے رہائشیوں کو جلد از جلد محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔سی پی او ملتان منصور الحق رانا نے کہا کہ ملتان پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلالپور پیر والا کے دریائی علاقوں میں سیلاب کی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر وہاں کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے،متاثرہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور مدد کیلئے ملتان پولیس کی امدادی سرگرمیاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں،ملتان پولیس مشکل وقت میں شہریوں کی مدد کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔