کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غازی یونیورسٹی میں موک ایکسرسائز

31

ڈیرہ غازی خان، 26 اگست (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے فوری طور پرنمٹنے کے لیے پولیس کی طرف سے غازی یونیورسٹی میں موک ایکسر سائز کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ڈی ایس پی محمد ارشد خان کی زیر نگرانی انچارج سکیورٹی عارف بخاری سمیت ضلع پولیس، ایلیٹ فورس، ٹریفک پولیس،ڈولفن فورس، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122 اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں  نے حصہ لیا۔ایکسرسائز میں فرضی طورپر بنائے گئے دہشت گردوں نے حملہ کیا اور جس پر پولیس کی طرف سےفوری طور  کارروائی عمل میں لاکر دہشت گردوں کوحراست میں لیا گیا۔ دہشت گردی کے خلاف موک ایکسر سائز کا مقصد اداروں کی صلاحیت اور ان کے آپس میں رابطے کو جانچنا تھا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی محمد ارشد خان نے موک ایکسر ساٸز میں حصہ لینے والے تمام اداروں کو سکیورٹی خدشات اور بروقت کارروائی کے حوالے سےبریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے۔انہوں نے موک ایکسر سائز میں حصہ لینے والے جوانو ں کی صلاحیت اور حوصلے کو سراہا۔