ملتان، 12 اگست (اے پی پی ):سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیرصدارت بہاولپور ڈویژن میں کپاس کی موجودہ صورتحال سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کمشنر بہاولپور ڈویژن ڈاکٹر احتشام، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب شبیراحمد خان، ڈپٹی کمشنر بہاولپور ظہیر انور جپہ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی ۔۔
سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کا کہنا تھا کہ امسال بہاولپور ڈویژن میں 21 لاکھ 32 ہزار ایکڑ رقبہ کپاس کے زیر کاشت لایا گیا ہے،ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے کپاس کے پیداواری ہدف کا حصول یقینی بنایا جائے گا،رواں ماہ کپاس کی پیداوار کے حوالے سے نہایت اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ زراعت توسیع کا عملہ جننگ فیکٹریوں میں کپاس کی پھٹی کی آمد کا ڈیٹا مرتب کرے،کپاس کی پیسٹ سکاوٹنگ، سرویلنس اور نگرانی کیلئے فیلڈ انسپکشن کو بڑھایا جائے،زراعت توسیع کا تمام عملہ فیلڈ میں جاکر کاشتکاروں کی فنی رہنمائی کرے،کپاس کی زیادہ پیداوار مستحکم ملکی معیشت کی ضامن ہے۔