مظفرگڑھ،15 اگست (اے پی پی): سیکرٹری محکمہ صحت جنوبی پنجاب محمد افضل ناصر خاں نے ضلع مظفرگڑھ اور کوٹ ادو میں مختلف مراکز صحت کا دورہ کیا ۔سیکرٹری نے اسٹاف کی حاضری، صفائی کی صورتحال، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو فراہم کردہ سہولیات کو چیک کیا۔
اس موقع پرانہوں نے کہا کہ لوگوں کو بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل اور افرادی قوت کو استعمال میں لایا جائے،تمام مراکز پر صفائی اور سروس ڈیلیوری کے موثر انتظامات کئے جائیں،لوگوں کو صحت عامہ کی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی غفلت نہیں ہونی چاہیے۔
سیکرٹری محکمہ صحت جنوبی پنجاب نے دیہی مراکز صحت بصیرہ، چوک کرم داد قریشی، گجرات، سنانواں اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹ ادو میں سروس ڈیلیوری کا جائزہ لیا۔انہوں نے دیہی مرکز صحت بصیرہ میں ناقص صفائی، وائٹ واش کی خراب حالت اور ناقص سروس ڈیلیوری پر برہمی کا اظہار کیا۔
سیکرٹری محکمہ صحت جنوبی پنجاب نے سی ای او ہیلتھ مظفرگڑھ کو ڈیوٹی سے غیر حاضر خواتین ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ۔انہوں نے مرکز صحت کے فنڈ کا غیر ضروری استعمال کرنے پر ایک کلرک کے خلاف بھی فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کی اور میڈیسن اسٹور میں ناقص صفائی، ائیر کنڈیشنر کے ڈرین کی نکاسی نہ ہونے پر انچارج ڈسپنسر مدثر نذر کی سرزنش کی۔انہوں نے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کے لیے کنکریٹ بینچ دھوپ میں رکھے جانے کا نوٹس لیتے ہوئے اپنی موجودگی میں سایہ دار جگہ پر شفٹ کرادئیے۔
سیکرٹری نے انچارج ڈاکٹر کو مستعدی اور ذمہ داری سے کام کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے رورل ہیلتھ سنٹر چوک کرم داد قریشی میں صفائی اور سروس ڈیلیوری کے موثر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے انچارج سینئر میڈیکل افسر ڈاکٹر آصف انجم کو شاباش، تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا بھی اعلان کیا۔
سیکریٹری صحت نے رورل ہیلتھ سنٹرز گجرات و سنانواں میں صفائی، واش رومز اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کوٹ ادو کے دورہ کے دوران سیکرٹری نے ان ڈور فارمیسی، پیڈز نرسری، مختلف وارڈز اور ایمرجنسی میں سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کوٹ ادو ہسپتال میں ان ڈور سروسز پر اطمینان جبکہ ایمرجنسی میں انتظامات پر ناراضگی کا اظہار کیا اور ہسپتال کی ایمرجنسی میں دیواروں پر گندگی کا نوٹس لیا اور ایم ایس کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ کوٹ ادو ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں نرسوں کے مریضوں کو اٹینڈ نہ کرنے کی شکایات کا نوٹس لیا اور ایم ایس کو انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔